جموں//حج واوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی نے ریاست جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں تعینات اوقاف ایڈمنسٹریٹرز/چیئرمین سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں اوقاف اراضی کو ناجائز قبضہ سے چھڑانے اور اوقاف اثاثوں کومنافع بخش بنانے کے لئے تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے متعلقہ ضلع کی سول اور پولیس انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ اوقاف ایڈمنسٹریٹروں کی ہرممکن امداد کی جائے ۔ یہ ہدایات وزیر موصوف نے یہاں اوقاف اسلامیہ کل یہاں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیں۔ یہ تقریب محکمہ سے ریٹائر ہوئے حکیم عاشق حسین کے اعزازمیں منعقد کی گئی تھی جس میں سپیشل اوقاف افسرراج محمد،اوقاف ایڈمنسٹریٹر پونچھ ریاض آتش، سوہل السلام پرائیویٹ سیکریٹری، پرویز، مزمل پی آر اووغیرہ بھی موجود تھے۔فاروق اندرابی نے ملازمت سے سبکدوش ہوئے حکیم عاشق حسین کو مبارک بادی پیش کی اور محکمہ کے تئیں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ جائیداد اوقاف اسلامیہ کو ملت کی فلاح وبہتری کے لئے استعمال کرنے کے لئے اس محکمہ سے جڑے ہرشخص کو ایک مشن کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں اوقاف اسلامیہ کی جتنی جائیداد ہے، اس پرسے غیر قانونی قبضہ چھڑا کر، اگر موثر استعمال کیاجائے کہ امت مسلمہ کی فلاح وبہبودی کے لئے بہت کچھ کیاجاسکتاہے۔ اس دوران ریاض آتش نے پونچھ میں اوقاف اراضی کی بازیابی، اس میں پیش آرہی دقتوں ودیگر امور کے بارے میںوزیر موصوف کو بتایاجس پر انہوںنے کہاکہ وہ وقف اراضی کو ناجائز قبضہ سے چھڑانے کیلئے مہم جاری رکھیں۔