یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ہندوستان آفات کے انتظام میں صلاحیت، کارکردگی، رفتار اور درستگی کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کرکے عالمی لیڈر بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔پیر کو یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ریلیف کمشنروں اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں حکومت نے ایک ہی میٹنگ کے تحت ریلیف اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق تمام ایجنسیوں کی مختلف ورکشاپس کو اکٹھا کرکے ایک مکمل حکومتی نقطہ نظر کے ساتھ ایک تصوراتی پلیٹ فارم بنانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خامیوں کو دور کرنے اور پورے ملک کو آفات سے لڑنے کیلئے تیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تمام اسٹیک ہولڈرز اور ایجنسیاں اچھی ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے قابل بنتی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پوری دنیا کو آفات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور نیشنل کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر کے تعاون کی وجہ سے ہندوستان آفات سے نمٹنے کے میدان میں عالمی قیادت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ شاہ نے کہا کہ جب بھی ہندوستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تاریخ لکھی جائے گی، مودی حکومت کے یہ دس سال تبدیلی کی دہائی کے طور پر لکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے صلاحیت، رفتار، کارکردگی اور درستگی کے چاروں شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ اسے بڑھا کر تحصیل تک لے جانے کا کام بھی کیا گیا ہے۔ رفتار کا بھی خیال رکھا گیا ہے کیونکہ وقت پر لوگوں کو تباہی سے بچانا سب سے اہم ہے۔ جدید ٹکنالوجی اور ڈیڈیکیٹڈ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی وجہ سے کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا ہے اور درستگی کے ساتھ پیش گوئی اور پیشگی معلومات فراہم کرنے سے معاشرے کو بیدار کرنے اور اسے آفات سے نمٹنے میں راحت اور بچائو کے کاموں سے جوڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔