عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملک ارجن کھرکے نے پردیش کانگریس کمیٹی کی سر نو تشکیل کی ہے۔موجودہ صدر وقار رسول کو صدارت کے عہدے سے ہٹا کر سینئر لیڈر طارق حمید قرہ کوجموں و کشمیر پی سی سی کا صدر بنایا گیا ہے۔اسکے علاوہ جموں سے تعلق رکھنے والے 2 ورکنگ صدور کا تقرر بھی کیا گیا ہے۔
سینئر لیڈران تارا چند اوررمن بھلا بطور ورکنگ صدور کام کریں گے۔کانگریس صدر نے وقار رسول وانی کو کانگریس ورکنگ کمیٹی میں خصوصی مندوبین کے بطور مقرر کیا ہے۔ طارق حمید قرہ کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے مستقل مدعو کے طور پر ان کے موجودہ عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔پارٹی نے سبکدوش ہونے والے پی سی سی صدر وقار رسول وانی کے تعاون کی تعریف کی ہے۔طارق حمید قرہ سابق وزیر، ممبر پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلی کے ممبر رہ چکے ہیں۔وہ کانگریس میں جانے سے قبل پی ڈی پی کے بانی ممبروں میں شمار کئے جاچکے ہیں۔