عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ قومی پرچم کو مزید بلندیوں پر لے جانے کی کوشش کریں اور اس کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔عبداللہ نے یہاں ترنگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ یہ ضروری نہیں ہے کہ ہمیں کچھ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کی ضرورت ہو۔ قومی پرچم کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ہم سب اپنا اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں‘‘۔ وزیراعلی نے کہا کہ قومی پرچم لہرانا صرف سرکاری تقریبات تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی پرچم کو مزید بلندیوں تک لے جانے کی کوشش کرنی چاہیے اور ان لوگوں کے نقش قدم پر چلنا چاہیے جنہوں نے اس پرچم کی عزت کو برقرار رکھنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔عبداللہ نے کہا کہ جب لوگ صحیح کام کرنا چاہتے ہیں تو انہیں تنہا ہونے پر مایوس نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا”کچھ سال پہلے، قومی پرچم صرف سرکاری عمارتوں اور مقررہ سرکاری تقریبات پر لہرایا جا سکتا تھا، تاہم، یہ ایک شخص تھا جس نے اپنے ہی احاطے میں قومی پرچم لہرانے کا حق حاصل کرنے کے لیے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا، اس نے حکومت کو قانون بدلنے پر مجبور کیا اور اب ہم ہر گھر پر ترنگا لہرا سکتے ہیں۔”