جموں//حکومت نے ایک اہم قدم کے طور پر ہزاروں کی تعداد میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں ، کیجول ، سیزنل اور دیگر ورکروں کو راحت دیتے ہوئے ان کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کے آگے بڑھانے کے لئے نوٹیفکیشن باضابطہ طور سے جاری کیا ہے۔ ان میں یومیہ اجرت ، کیجول ، سیزنل ، ایچ ڈی ایف ، لوکل فنڈ ورکر ، این وائی سی ، لینڈ ڈونر ،آئی ٹی آئی تربیت یافتہ ورکر اور جے اینڈ کے سول سروسز ایکٹ 2010کے تحت اہلیت کی وجہ سے رہ گئے ایڈہاک اور کنٹریکچول ملازمین بھی شامل ہے۔وزیر خزانہ حسیب درابو نے کہا ہے کہ انہوںنے پچھلے بجٹ میں کیا گیا وعدہ آج پورا کردیا ہے۔ایس آر او520 کے مطابق باقاعدگی کا یہ عمل فوری طور سے شروع ہوگا۔وہ تمام مالی اور سروس فوائد کے حقدار ہوں گے جن میں سالانہ انکریمنٹ ، این پی ایس کے تحت پنشن ، لیو اور میڈیکل ادائیگی ،پے کمیشن کے تناظر میں تنخواہوں کی بڑھوتری ، سروس ریکارڈس کی برقراری شامل ہوگا ۔ علاوہ ازیں انہیں ورک ، کنڈکٹ اور نظم و ضبط کے قوانین کے دائرے میں بھی لایاجائے گا۔حکومت محکمہ فائنانس میں ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دے گی جو متعلقہ محکموں سے موصول ہوئے منصوبوں کی مناسب جانچ کے بعد جنرل سروس اسسٹنٹس کی پوزیشن وجود میں لانے کے لئے سفارشات پیش کریں گی۔انتظامیہ سیکرٹری فائنانس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ارکان میں متعلقہ محکمہ کے انتظامیہ سیکرٹری یا نمائندہ جو سپیشل سیکرٹری سے کم نہیں ہونا چاہیے، انتظامی سیکرٹری جی اے ڈی یا اس کا نمائندہ جو سپیشل سیکرٹری سے کم کا نہیں ہونا چاہیے ، انتظامی سیکرٹری قانون ، انصاف و پارلیمانی امور یااس کا نمائندہ جو سپیشل سیکرٹری سے کم نہیں ہونا چاہیئے اور ڈائریکٹر کوڈس فائنانس محکمہ شامل ہوں گے ۔