سرینگر//پولیس نے بدھ کو کہا کہ وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجوﺅں کے چار ساتھیوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔یہ گرفتاریاں ایک تلاشی آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئیں۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اورفوج نے پیٹھکوٹ سے بیروہ تک تلاشی آپریشن کے دوران چار افراد کو گرفتار کیا جو جنگجوﺅں کے ساتھی ہیں۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت شکیل احمد وانی ولد غلام احمد وانی،شوکت احمد ولد عبد الرشید ساکنان پیٹھکوٹ ،عاقب مقبول خان ولد محمد مقبول خان ساکن چڈ بگ بڈگام اور اعجاز احمد ڈار ولد اسد اللہ ڈار ساکن ژیرہ ونی چرار شریف کے طور کی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ چاروں افراد لشکر جنگجوﺅں کو پناہ دینے اور انہیں دیگر قسم کی مدد فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔
پولیس نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران 24گولیاں،5ڈیٹو نیٹر اور دیگر قسم کا قابل اعتراض سامان بھی بر آمد کیا گیا۔اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر225کے تحت معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔