سرینگر/وسطی کشمیر کے بیروہ میں منگل کو ایک شہری بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔
شبیر احمد ملک ولد غلام محمد ملک ساکنہ موچھن ،گائوں کا لمبردار تھا جو بجلی ٹرانسفارمر ٹھیک کرتے ہوئے کرنٹ کا شکار بن گیا۔
ملک اس حادثے میں زخمی ہوگیا تاہم جب اُسے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بیروہ پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
مقامی لوگوں نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ جب ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے میں ناکام رہا تو لمبردار نے خود ہی اس کو ٹھیک کرنے کی ٹھان لی جس کے دوران اُس کی جان چلی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے سے قبل ملک نے محکمہ کو مطلع کیا تھا کہ وہ بجلی کی سپلائی بند کریں جس کے بعد سپلائی کاٹی گئی تھی تاہم جب وہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے میں مشغول تھا تو اسی دوران بجلی بحال ہوگئی اور وہ لقمہ اجل بن گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ گذشتہ چھہ ماہ کے دوران بیروہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے کسی شہری کا موت کا شکار ہونے کا چھٹا واقعہ تھا۔
انہوں نے محکمہ پر غفلت شعاری کا الزام عاید کیا۔