سرینگر//وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں منگل کو ایک چیتا ایک رہائشی مکان کے اندر داخل ہوگیا تاہم اہل خانہ کو مقامی لوگوں نے بحفاظت نکال لیا۔یہ واقعہ ضلع کے سویہ بگ علاقے کے پائمس گاوں میں پیش آیا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق جونہی گاوں میں چیتا نظر آیا تو مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو طلب کیا لیکن اُن کے آنے میں وقت لگا اور تب تک چیتا ایک نزدیکی رہائشی مکان کے اندر داخل ہوگیا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک چیتا اگر چہ مکان کے اندر ہی موجود تھا تاہم مقامی لوگوں نے اہل خانہ کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
وائلڈ لائف انچارج سہیل احمد قاضی نے کے این او کو بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ایک ٹیم جائے مقام کی طرف روانہ ہوچکی ہے۔