سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع سرینگر کے لئے وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیوں اورڈی ڈی بی میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تعلیم،اعلیٰ تعلیم،پولیس،ایس ڈی اے،صحت عامہ،آبپاشی وفلڈ کنٹرول ،پرزنز،تعمیرات عامہ،جے کے ٹی ڈی سی،جے کے پی سی سی،سپورٹس کونسل اورمحکمہ صحت کے علاوہ دیگر محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے لئے گئے 200فیصلوں میں سے اب تک 118فیصلوں پر عملدر آمد کیا گیا جب کہ باقی فیصلوں پر عملدر آمد کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ گرمائی راجدھانی میں سیوریج اورڈرینیج نیٹ ورک،ناجائز تجاوزات کو چھڑانے،بہتر سڑک رابطوں کو یقینی بنانے اور دریائے جہلم میںڈریجنگ کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔ترقیاتی کمشنرنے پروجیکٹوں اورفلاحی سکیموں کی موثر عمل آوری کیلئے مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے پروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زوردیا ہے تاکہ لوگ ان سکیموں سے استفادہ کرسکیں۔وادی میں کام کے محدود ایام کے پیش نظر ترقیاتی کمشنر نے پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے دوہرے شفٹ میںکام کرنے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے 2016-17ء کے سالانہ منصوبے کے تحت عملائے جارہے پروجیکٹوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جن میں دریائے جہلم اوراس کی معائون ندیوں میں ڈریجنگ اورڈی سلٹنگ،50کلومیٹر سڑکوں پر میکڈم بچھانے اورسڑک رابطوں میں بہتر لانے،جہانگیر چوک رام باغ ایکسپریس کاریڈور کی تکمیل، سڑکوں کی کشادگی،زیر تعمیر پروجیکٹوں کی تکمیل ،شہرمیں ٹریفک نظام میں بہتری لانے ،ہائوسنگ کالونیوں اورکیمونٹی ہالوں کا قیام اور سمارٹ کلاس رومز کا قیام شامل ہے۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو تمام پروجیکٹ مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زوردیا۔