سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر دویندر کمار منیال نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر منیال نے محکمہ صحت کی طرف سے ریاست کے لوگوں کو اطمینان بخش طبی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔ گورنر اور وزیر نے آنے والے شری امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات پر غور و خوض کیا ۔ انہوں نے یاترا کے ٹریک پر میڈیکل کیمپوں کا قایم کرنے ، ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی تعیناتی ، طبی نگہداشت اور یاتریوں کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے ، دوائیوں کا سٹاک کرنے اور ایمر جنسی کئیر یونٹوں میں ضروری ساز و سامان دستیاب رکھنے جیسے معاملات پر بھی سیر حاصل بحث کی ۔ اس دوران سابق وزیر غلام حسن میر نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور اُن کے ساتھ ریاست کی تعمیر و ترقی سے متعلق کئی معاملات پر غور و خوض کیا ۔ گورنر نے سابق وزیر پر زور دیا کہ ہر حال میں ریاست کے لوگوں کی بہبودی کو یقینی بنانے میں وہ اپنا اہم رول ادا کریں ۔