جی ایم سی جموں میں زخمیوں کی عیادت،کہا وزیر اعظم انتہائی فکر مند،صورتحال پر نظر
عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اتوار کو خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے بال پھٹنے سے متاثرہ چسوتی کشتواڑ کا دورہ نہ کرسکے جس کے بعد انہوںنے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں اس سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور راج بھون جموں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چسوتی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوںنے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں حالیہ بادل پھٹنے سے متاثر ہونے والوں کو راحت اور باز آبادکاری فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کر رہا ہے۔ یہاں راج بھون سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے متاثرہ چسوتی گاؤں کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یونین ٹیریٹری انتظامیہ، فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پولیس نے بحرانی صورتحال کے دوران بہترین کام کیا ہے۔بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب نے 14 اگست کو مچیل ماتا مندر کی طرف جانے والے آخری موٹر ایبل گاؤں چسوتی کو نشانہ بنایا، جس میں 65 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر یاتری تھے، اور 100سے زائد زخمی ہوئے۔سانحہ کے بعد لاپتہ ہونے والے 32افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایک عارضی بازار، مچیل ماتا مندر کی سالانہ یاترا کے لیے لنگرکی جگہ، 16مکانات اور سرکاری عمارتیں، تین مندر، چارپن چکیاں، 30میٹر لمبا پل اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو بھی اس واقعے میں نقصان پہنچا۔اپنے ایکس ہینڈل پر انہوںنے لکھا ’’خراب موسم کی وجہ سے میں آج کشتواڑ کے بادل پھٹنے والے علاقوں میں نہیں جا سکا۔ ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت کے ذریعے جموں سے چسوتی میں صورتحال کا جائزہ لیا‘‘۔انہوںنے مزید کہا’’یہ بات خوش آئند ہے کہ ریاستی انتظامیہ، فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، جموں و کشمیر پولیس نے بحرانی صورتحال کے دوران بہترین کام کیا ہے‘‘۔راجناتھ کا مزید کہناتھا’’ وزیر اعظم کی قیادت میں مرکزی حکومت ان لوگوں کو راحت اور باز آباد کاری فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے جو اس المناک واقعہ سے متاثر ہوئے ہیں ‘‘۔اس سے قبل خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے راجناتھ سنگھ چسوتی نہ جاسکے جس کے بعد انہوںنے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموںمیں زیر علاج کچھ متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی خیر و عافیت دریافت کی ۔راج بھون کے لیے ہسپتال سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا’’وزیراعظم بہت فکر مند ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ (پتھرگرآنے) کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔اب ہم راج بھون جا رہے ہیں جہاں ہم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے (متاثرہ) لوگوں سے بات کریں گے‘‘۔واقعے کے بعد اسپتال میں داخل ہونے والوں کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ زخمی افراد اطمینان بخش طور پر صحت یاب ہو رہے ہیں۔