عظمیٰ نیوز سروس
جموں// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اتوار کی شام جموں و کشمیر کے اپنے تین روزہ دورے کا آغاز کرنے کے لیے یہاں پہنچے، جو گزشتہ سال اکتوبر میں مرکزی زیر انتظام علاقے میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس کی حکومت کے قیام کے بعد ان کا پہلا دورہ ہے۔شاہ کا تکنیکی ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بی جے پی کے کچھ سینئر رہنمائوں نے استقبال کیا۔پارٹی ایم ایل ایز اور دیگر عہدیداروں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے وہ اتوار کی رات تریکوٹہ نگر میں بی جے پی ہیڈکوارٹر گئے۔شاہ کا بی جے پی ہیڈکوارٹر کا دورہ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ہوا جسے بی جے پی کارکنوں اور لیڈروں نے ہیڈکوارٹر میں دن کے شروع میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔مرکزی وزیر داخلہ نے اتوار کی شام دیر گئے جموں کے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکینِ اسمبلی اور سینئر لیڈران سے ملاقات کی، جس دوران کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاںدو گھنٹے تک میٹنگ جاری رہی۔ وزیرِ اعظم کے دفتر میں تعینات وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر ست شرما، جموں و کشمیر انچارج ترون چگ، راجیہ سبھا رکن غلام علی کھٹانہ، بی جے پی لیڈر رویندر رینا، اور رکنِ پارلیمان جگل کشور شرما اور سبھی اراکین اسمبلی نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس میٹنگ میں تنظیمی اور سیاسی امور، جموں و کشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی صدر ست شرما نے اجلاس کے افتتاحی خطبے میں وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ست شرما نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے، اور مرکز کی جانب سے جموں و کشمیر سے متعلق جو فیصلے لیے گئے، وہ بار آور ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور امن و ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔رات کے پونے 11بجے میٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر داخلہ کے چلے جانے کے بعد بھاجپا کے سینئر لیڈران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے ان سے کہا کہ وہ عوام کے چنے ہوئے نمائندے ہیں، لہٰذا ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کو بھر پور طریقے سے اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امیت شاہ نے کہا کہ پہلے کی حکومت میں کے گئے کاموں کو عوام کے سامنے رکھیں اور موجودہ حکومت کی ناکامیوں اور کمیوں کو اجاگر کریں کیونکہ اپوزیشن کا یہی رول ہوتا ہے۔انہوں نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ آپ لوگ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں اور عوامی خواہشات پر پورا اتریں۔انہوں نے میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ ریاستی درجہ بحالی کیلئے مرکز وعدہ بند ہے جس کو مناسب وقت پر بحال کیا جائیگا۔پیر کو شاہ کٹھوعہ میں بی ایس ایف بارڈر چوکی ونے کا دورہ کریں گے اور وہاں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔دن کے آخر میں، وہ جموں کے راج بھون میں جموں و کشمیر پولیس کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کریں گے اور ہمدردی کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ان میں سے کچھ کو تقرری خط بھی دیں گے جس کے بعد وہ سرینگر روانہ ہونگے۔8 اپریل کو، شاہ سب سے پہلے سرینگر کے راج بھون میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں یوٹی میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیں گے۔اس کے بعد، وہ سری نگر کے راج بھون میں ایک اور میٹنگ میں شرکت کریں گے جہاں جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔