عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے دورے کے سلسلے میں پیر کی شام ساڑھے 5 بجے کے قریب سرینگر پہنچ گئے جہاں ٹیکنیکل ہوائی اڈے پر انکا استقبال وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ،، انکے مشیر ناصر اسلم وانی،کمشنر سیکریٹری شانتی مانو، آئی جی پی کشمیر، صوبائی کمشنر اور کچھ بھاجپا لیڈروں نے کیا۔ امت شاہ کیساتھ جموں سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا،ڈی جی پی اور بھاجپا کے سنیل شرما تھے۔شاہ نے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد کیرتی چکر ایوارڈ یافتہ پولیس ڈی ایس پی ہمایوں بھٹ کے اہل خانہ سے ملاقات کی جو 2023 میں ملی ٹینٹوں کیساتھ لڑتے ہوئے جاں بحق ہوئے ہیں۔شاہ، جو جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر ہیں، سرینگر ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد سیدھے بھٹ کے گھر ہمہامہ گئے۔مرکزی وزیر داخلہ نے راج بھون جانے سے پہلے مقتول پولیس افسر کے والد ریٹائرڈ آئی جی پی غلام حسن بھٹ کے ساتھ تقریباً 20 منٹ گزارے۔بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا گیا، بھٹ ان چار سیکورٹی اہلکاروں میں شامل تھا جو ستمبر 2023 میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ کے گڈول گائوں کے آس پاس کے گھنے جنگلات میں ملی ٹینٹوں سے لڑتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران مارے گئے تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ منگل کو اعلیٰ سیکورٹی فورسز اور پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ میں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔وہ ایک علیحدہ میٹنگ میں وادی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے۔