عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو راج بھون میں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر سے ملی ٹینسی اور سرحد کے اس پار سے دراندازی کو مکمل طور پر ختم کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔وہ منگل کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد سیکورٹی کی صورتحال پر میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی، جی او سی ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سچندرا کمار، ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف، جی او سی 15 کور، جی او سی 16 کور، جی او سی 9 کور، جموں اور کشمیر کے چیف سیکرٹری، پیرا ملٹری فورسز، جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ میٹنگ میں بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔عہدیداروں نے بتایا”وزیر داخلہ متحدہ ہیڈکوارٹر میٹنگ میں سیکورٹی کے منظر نامے، امن و امان کی صورتحال اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی سے متعلق دیگر پہلوں کا جائزہ لے رہے تھے” ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے متحد ہیڈکوارٹر کو ہدایت دی کہ وہ سرحد پار سے دراندازی روکنے اور اندرونی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کے لیے زیرو ٹالرنس کو یقینی بنانے کے لیے مکمل ہم آہنگی سے کام کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند جموں و کشمیر میں دیرپا امن قائم کرنے اور ملی ٹینسی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ میٹنگ کے دوران، امت شاہ نے ملی ٹینسی سے متعلق واقعات، دراندازی اور ملی ٹینٹ تنظیموں میں نوجوانوں کی بھرتی میں نمایاں کمی کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںملی ٹینسی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعادہ کیا۔ شاہ نے کہا کہ مودی سرکار کی مسلسل اور مربوط کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں ہمارے ملک کے دشمن عناصر کے ذریعہ پروان چڑھنے والا پورا ملی ٹینسی کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔ امت شاہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایریا ڈومینیشن پلان اور زیرو ٹیرر پلان پر عمل درآمد کے مشن موڈ میں یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ایجنسیوں کو مربوط انداز میں کام جاری رکھنا چاہئے تاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد حاصل ہونے والے فوائد کو برقرار رکھا جا سکے اور ملی ٹینسی سے پاک جموں و کشمیر کا ہدف جلد سے جلد حاصل کیا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل مہیا کر رہی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے اس سال 3 جولائی سے 9 اگست تک ہونے والی امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کو پرامن طریقے سے انجام دینے کے لیے تمام ضروری کارروائی کریں۔ذرائع نے مزید کہا کہ فورسز کی آپریشنل کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، امیت شاہ نے جموں و کشمیر سے ملی ٹینسی کے خاتمے پر زور دیا، خاص طور پر جموں ڈویژن میں ایسا کرنے کا ذکر کیا۔وزیر داخلہ نے آنے والے موسم گرما کے مہینوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جب امرناتھ یاترا ہو گی اور یوٹی میں سیاحت اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔
مزید3 گروپ حریت سے الگ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو اعلان کیا کہ جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے خود کو علیحدگی پسند جماعت حریت کانفرنس سے الگ کر لیا ہے۔جموں و کشمیر میں ایسی گیارہ تنظیموں نے اب تک علیحدگی پسندی کو ترک کیا ہے۔شاہ نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام سے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے ‘X’ پر لکھا”تین مزید تنظیمیں، یعنی جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ، اور کشمیر فریڈم فرنٹ، خود کو حریت سے الگ کر رہی ہیں،یہ وادی کے اندر ہندوستان کے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا ایک نمایاں مظاہرہ ہے،” ۔یہ اعلان وزیر داخلہ کے جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے کے درمیان سامنے آیا ۔شاہ نے کہا کہ متحد اور طاقتور بھارت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا نظریہ آج اور بھی مضبوط ہوا ہے، کیونکہ اب تک ایسی 11 تنظیموں نے علیحدگی پسندی کو ترک کر دیا ہے، اور اس کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ ماہ حریت کانفرنس کے کئی حلقوں نے علیحدگی پسندوں کے گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔جن گروپوں نے حریت سے علیحدگی کا اعلان کیا ۔ان میں شاہد سلیم کی سربراہی والی جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ( شفیع ریشی، ایڈووکیٹ کی سربراہی والی)، اور جموں و کشمیر فریڈم موومنٹ، جس کی سربراہی محمد شریف سرتاج کررہے ہیں،جموں و کشمیر تحریک استقلال اور جموں و کشمیر تحریک استقامت شامل ہیں۔جموں و کشمیر تحریک استقلال کی سربراہی غلام نبی صوفی کر رہے ہیں اور جموں و کشمیر تحریک استقلال کی قیادت غلام نبی وار کر رہے ہیں۔