جموں//مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ آج جموں کا دورہ کر رہے ہیں جس دوران وہ ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر حال ہی میں تعمیر کی گئی سمارٹ باڑ کا افتتاح کریں گے۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ وزیر داخلہ صبح 11بجے بی ایس ایف کے خصوصی طیارہ میں فرنٹیر ہیڈ کوارٹر بی ایس ایف پہنچیں گے جہاں وہ جدید ترین تنکنالوجی کا استعمال کر کے بنائی گئی تین مختلف مقامات پر تعمیر کی گئی10کلو میٹر طویل اس فینسنگ کا افتتاح کریں گے ۔ اس سے قبل فینسنگ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے اور اس کو لکھنپور سے اکھنور تک 198کلو میٹر سرحد پر تعمیر کیا جائے گا۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ سمارٹ باڑ کے پروجیکٹوں میں جدید ٹیکنالوجی اور گیجٹریری کا استعمال کیا گیا ہے جس کی مدد سے چوکیوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو دراندازوں کے بارے میں فوری طور پر معلوم ہو سکے گا۔جموں میں بین الاقوامی سرحد پر لگائی گئی تقریباً 10کلومیٹر طویل یہ ’سمارٹ‘ باڑ غیر بصری ہے اور سرحد پر دراندازی کی ہلچل ہوتے ہی انفرا ریڈ سینسر کی مدد سے قریب کی چوکی کو فوری طور پر اس کی اطلاع دے گی۔ الیکٹرانک نگرانی نظام ہے جو تھرمل امیجرس، گراؤنڈ سینسرس، فائبر آپٹک سینسر، ریڈار اور سونار جیسے جدید ترین آلات سے معلومات حاصل کرتی ہے ۔یہ باڑ خاص طور پر دریا اور نالوں اور ایسے علاقوں میں خصوصی طور پر مددگار ثابت ہوگی جہاں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کرنا مشکل ہے ۔