سرینگر//اننت ناگ ضلع ترقیاتی بورڈ کی ایک میٹنگ کل وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں پنچائتی اور دیہی ترقی کے وزیر اے آر ویری، سیاحت کے وزیر تصدق حُسین مفتی،وائس چیئرمین گوجر بکروال مشاورتی بورڈ گلزار احمد کھٹانہ، ضلع کے تمام ارکان قانون سازیہ اور مختلف محکموں کے سربراہاں میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ضلع کے لئے سال2018-19 کی خاطر202.19 کروڑ روپے کے سالانہ منصوبے کو بھی منظوری دی گئی۔اس موقعہ پر مقامی ارکان قانون سازیہ نے اپنے اپنے مطالبات چیئرمین کے سامنے رکھے جن کا تعلق سماجی بہبود، دیہی ترقی، سڑک رابطوں، صحت، پانی، بجلی، تعلیم اور دیگر شعبوں سے تھا۔چیئرمین نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔