عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کی شام پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے خوشگوار ملاقات کی۔۔ یہ مختصر ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچنے کے چند گھنٹے بعد ہوئی۔یہ ملاقات وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے رکن ممالک کے وفود کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دیئے گئے عشائیہ کے دوران ہوئی۔، جہاں جے شنکر اور شریف نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو کی۔شریف نے رکن ممالک کے فود کا استقبال کیا۔جے شنکر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’ کانفرنس کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچا ہوں‘‘۔ جے شنکر کا نور خان ایئر بیس پر پاکستان کے سینئر حکام نے استقبال کیا۔تقریبا 9برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا ۔پاکستان کا دورہ کرنے والی آخری بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج تھیں۔ وہ دسمبر 2015 میں افغانستان سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد گئی تھیں، جہاں انہوں نے اس وقت کے وزیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات کے کے دو ہفتے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کابل سے واپسی پر لاہور میں حیران کن 150منٹ تک قیام کیا تھا۔وہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کے آبائی گھر گئے اور انکے ساتھ بات چیت کی۔فی الوقت پاکستان 15 اور 16 اکتوبر کو دو روزہ SCO کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔وزارت خارجہ نے کہا، “کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ سربراہی اجلاس ہر سال منعقد ہوتا ہے اور اس میں تنظیم کے تجارتی اور اقتصادی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔”وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں ایک مختصر بیان میں کہا”وزیر خارجہ ایس جے شنکر میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔