عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ//جل شکتی، جنگلات،ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے کٹھوعہ کے برنوتی میں ایک وسیع عوامی رابطہ کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں مقامی مسائل کا جائزہ لینے کے علاوہ علاقے کے ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لیا۔وزیر نے مقامی لوگوں کے ساتھ خصوصی بات چیت کی جس میں انہیں ان کی شکایات اور ان کے فوری ازالے کے مطالبات سے آگاہ کیا گیا۔صنعتکاروں، کسانوں، نوجوانوں اور کمیونٹی کے نمائندوں پر مشتمل کئی وفود نے وزیر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل اور تحفظات کو پیش کیا۔ انہوں نے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی جن میں پانی کی فراہمی، جنگلات کے حقوق، قبائلی بہبود، بہتر سڑک کنیکٹیویٹی، ماحولیات کے تحفظ اور اپنے اپنے علاقوں کی فلاح و بہبود سے متعلق دیگر اہم امور شامل تھے۔وزیر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ضلع انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے سامبا اور وجئے پور میں لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی شکایات اور ترقیاتی مسائل سنے ۔وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سامبا اور وجئے پور کے مقامی لوگوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں۔انہوں نے وفود کو جامع اور پائیدار ترقی پر زور دیتے ہوئے ان کے تحفظات کو مقررہ وقت میں حل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔رانا نے کٹھوعہ کے لوگوں سے اپنے خطاب میں کہا، “عمر عبداللہ کی قیادت میں ہماری حکومت لوگوں کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کی پابند ہے۔ ہم انتظامیہ کو لوگوں کی دہلیز پر لے جا رہے ہیں تاکہ خطے کے ہر کونے کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے”۔رانا نے کہا کہ حال ہی میں کٹھوعہ میں 7 واٹر سپلائی اسکیموں کا افتتاح کرنے سے پانی کی کمی سے متعلق بہت سے مسائل حل ہو گئے ہیں۔وزیر نے کہا”میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جل شکتی یا کسی دوسرے محکمے سے متعلق دیگر تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ہم مقامی لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے” ۔انہوں نے عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام محکمے متحد ہو کر کام کریں۔