عظمیٰ نیوز سروس
بالاکوٹ//وزیر جَل شکتی جاوید احمد رانا نے راجوری-پونچھ کے اپنے پانچ روزہ دورے کا اختتام بالاکوٹ میں ایک وسیع عوامی رابطہ کیمپ کے ساتھ کیا، جہاں انہوں نے عوامی وفود سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سْنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفی ملک، ایس ڈی ایم مینڈھر، اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔رابطہ کیمپ میں مقامی لوگوں نے کئی اہم مطالبات پیش کیے، جن میںگورنمنٹ ڈگری کالج اور گرلز ہائی اسکول کا قیام،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، بنیادی صحت کے ڈھانچے میں بہتری،فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑیوں کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر اور ماڈل رہائشی اسکول کا قیام، پینے کے پانی کے مسائل کا حل، نلائی واٹر سپلائی اسکیم کی اپ گریڈیشن،بالاکوٹ ہائی اسکول میں پانی کی فراہمی،وزیر جَل شکتی نے ان مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا اور علاقے کے لئے کئی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا۔وزیر موصوف نے تحصیل آفس کمپلیکس اور ڈاکٹروں کے رہائشی کوارٹرز کے لئے 1 کروڑ روپے کی منظوری،بھمبر گلی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے 2 گیسٹ ہاؤسز کی تعمیر،پی ایم جی ایس وائی کے تحت غیر مربوط علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے سروے کی ہدایت دی ۔وزیر موصوف نے بارش کے پانی کے ذخیرے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پانی کے وسائل تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جس پر فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر جاوید رانا نے جنگلاتی محکمہ کی جانب سے منعقدہ ’ایک پیڑ ماں کے نام‘شجرکاری مہم میں بھی شرکت کی اور لوگوں کو ماحولیات کے تحفظ کا پیغام دیا۔وزیر نے کہا کہ عوامی مسائل کو اْن کے دروازے پر ہی حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔