راجوری //وزیر برائے زراعت غلام نبی ہانجورہ راجوری کے دورے پر ہیں جہاں انہوںنے بدھ کے روز ڈاک بنگلہ میں پی ڈی پی کارکنان کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے پارٹی امور اور ترقیاتی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر ہانجورہ نے کہاکہ پی ڈی پی کی قیادت میں قائم حکومت بہتر سمت میں جارہی ہے اور مجموعی ترقی کے خواب کو پورا کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے ریاست میں تعمیروترقی کے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ ہوتا رہا لیکن مرحوم مفتی سعید نے جب ریاست میں اقتدار کی باگ ڈور سنبھالی توعام لوگوں کو ان کے حقوق کا پتہ چلا اور انہیں بنیادی حقوق فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ شروع ہوا ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی نے کنبہ پروری ختم کر ہر گھر تک اس کے حقوق پہنچانے میں اہم رول نبھایا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اس سے قبل ایک نام نہاد محکمہ تھا جہاں پر کسانوں کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کیا جاتا تھا لیکن پی ڈی پی نے اس محکمہ میں جان ڈالی اور اسے کارآمد بنانے اور کسانوں کو مختلف قرضہ جات ،ادویات اور سہولیات سے مستفید کرنے کی کوشش کی ۔اس دوران مقامی کارکنان نے شکایت کی کہ ان کے مسائل کی شنوائی نہیں ہوتی ۔جس پر وزیر نے یقین دلایاکہ ان کے مسائل کا ازالہ کیاجائے گا ۔اس موقعہ پر ضلع صدر پی ڈی پی اعجاز احمد مرزا، چیئر مین اوقاف اسلامیہ عبدالقیوم ڈار، سید منظور بخاری ، فضل چوہان ، اقبال شاہ ،جمشید احمد، سجاد احمدوغیرہ بھی موجودتھے ۔دریں اثناء غلام نبی ہانجورہ نے جموں کشمیر بنک زونل برانچ مراد پور میں آئی ٹی ایس ٹریکٹر ڈیلر شپ (Eicher Tractors)کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر بتایا کہ جدید دور میں ٹریکٹر کسانوں کی اہم ضرورت بن گیا ہے جو گھنٹوں کا کام منٹوں میں اور بہتر طریقے سے انجام دیتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں ڈیلر شپ کا کھلناایک خوش آئند قدم ہے جس سے عام لوگوں کو کافی زیادہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے ڈیلر شپ کے مالک تعظیم ڈار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی ضرورت کے پیش نظر یہاں ٹریکٹر کی فراہمی کو یقینی بنایا خود ایک خدمت ہے اور اس خدمت کو بہتر طریقے سے انجام دینے میں ڈار نے اہم کردار نبھایا ہے ۔ایڈووکیٹ تعظیم ڈار نے بتایا کہ آئکر ٹریکٹر ایک مضبوط اور پائیدار ٹریکٹر ہے جو کسانوں کی ضروریات پورا کرنے میں کئی سال سے پیش پیش ہے اورراجوری میں اس ٹریکٹر کی ضرورت کے پیش نظر خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہاں سروسز اورٹریکٹر کی خرید وفروخت کا بھی معقول نظم رکھا گیا ہے ۔ قبل ازیں وزیر زراعت نے راجوری میںکسان میلے اور نمائش کا افتتاح بھی کیا ۔ اس موقعہ پر انہوںنے کہاکہ اس طرح کے میلوں کے ذریعہ سے کسانوں کو جدید اور سائنسی طریقہ کار کے بارے میں جانکاری ملتی ہے۔انہوںنے محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے میلے وقت بروقت منعقد کرتے رہیں ۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر زرعی ریاست ہے اور یہاں کی بیشتر آبادی اس شعبے سے جڑی ہوئی ہے ۔انہوںنے کسانوںسے تبادلہ خیال بھی کیا ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، ڈائریکٹر محکمہ زراعت جموں ایچ اے رازدان ، ڈائریکٹر سیریکلچر میر طارق علی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔