جموں// خطہ میں موسم گرما اپنے شباب پر ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے ، جسے مدِ نظر رکھتے ہوئے بالخصوص سحری و افطار کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق اندرابی نے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ نقصان زدہ ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت کے ساتھ ساتھ اعلانیہ کٹوتی کے دورانیہ کو مختصر کرنے کے لئے قدم اٹھائیں۔ وہ ماہ مبارک کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں راجیو رنجن ، ایڈیشنل کمشنر ریحانہ بتول ، ایس ایس پی ڈاکٹڑ سنیل گپتا، ایس ایس پی ٹریفک نشا نتھیال کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندے اور افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے شہر میں بجلی اور پانی کی سپلائی کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا اورمحکمہ پی ایچ ای کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے وہاں پانی فراہمی کے لئے ٹینکروں کو استعمال میں لائیں ۔ انہوں نے بجلی اور پانی محکمہ کو ہیلپ لائن قائم کرنے کیلئے تاکہ لوگوں کو بجلی پانی کی عدم دستیابی کے سلسلہ میں رابطہ قائم کرنے میں آسانی ہو۔ اس کے علاوہ انہوں نے شہر میں ماہ صیام کے دوران منافع خوری پر قدغن لگانے، صفائی ستھرائی کا خصوصی اہتمام کرنے کے علاوہ کڑا سیکورٹی بندو بست کرنے کے لئے بھی کہا۔