رام بن //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لوگوں تک پہنچنے کی اپنی وسیع مہم کو جاری رکھتے ہوئے کل رام بن کا دورہ کر کے وہاں عوامی شکایات جاننے کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا جن میں کئی وفود اور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے اپنے مصائب اور مشکلات کے بارے میں انہیں جانکاری دی ۔ ارکان اسمبلی نیلم کمار لنگہیہ ، وقار رسول وانی اور شام لال بھگت بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بٹوت سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے قصبے میں ایک کیندریہ ودھیالیہ اور ایک زنانہ کالج قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بٹوت کو پتنی ٹاپ ۔ سدھ مہا دیو روپ وے کے ساتھ جوڑنے کا بھی مطالبہ کیا تا کہ مقامی سیاحت کو فروغ حاصل ہو سکے ۔ وفود نے مقامی ہسپتال میں مناسب عملے کی تعیناتی ، بٹوت میں ایک جدید سیناٹوریم قایم کرنے ، ویٹرنری ڈاکٹروں کی دستیابی ، باغبانی شعبے کو بڑھاوا دینے اور قصبے میں پینگ گیسٹ سکیم کو توسیع دینے کے معاملات ابھارے ۔ ٹھیکیداروں کے ایک وفد نے علاقے میں سیلاب سے متعلق بحالیاتی کاموں کی ادائیگی کلئیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ گول کے ایک وفد نے مقامی ڈگری کالج کے کام میں سرعت لانے ، قصبے میں کیندر ودھیالیہ کھولنے کے علاوہ دھرم میں جے کے بنک کی شاخ کھولنے کے مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے بدھل رام بن سڑک کو اپ گریڈ کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ تتہ پانی اور سنگلدان میں سیاحوں کیلئے سہولیات بہتر بنائی جانی چاہئیں ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے قومی شاہراہ کے بانہال رام بن حصے میں بہتری لانے ، ضلع ہیڈ کوارٹروں پر جوڈیشل بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے ، ایک ضلع جیل قایم کرنے اور قصبے میں دریائے چناب کر ایک پُل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مقامی ٹرامہ ہسپتال کو چالو کرنے اور قصبے میں کنزیومر کورٹ کو قابلِ کار بنانے جیسے مطالبات بھی محبوبہ مفتی کے سامنے رکھے ۔ رام بن بیوپار منڈل نے قصبے کیلئے پینے کے پانی کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے پروجیکٹ کی منظوری ، بغلیار پاور پروجیکٹ سے زیادہ بجلی کی دستیابی اور مائیتراں میں گرلز ہائیر سکینڈری سکول قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بانہال سے تعلق رکھنے والے سماجی ورکروں کے ایک وفد نے وہاں زنانہ پولیس سٹیشن قایم کرنے اور قصبے میں ایک کھیل کا میدان تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ نشیلی ادویات کی بدعت پر قابو پانے کے معاملات ابھارے ۔ چمل واس سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے مقامی ہیلتھ سنٹر اور مقامی ہائی سکول کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا ۔کئی دیگر وفود نے بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور یہ سلالہ شام دیر گئے تک جاری رہا ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاک بنگلہ رام بن پر کام شروع کرنے اور اسے سیاحتی نقشے پر لانے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی سی کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں اُن سکولوں کا سروے کرائیں جنہیں اضافی رقومات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع افسران دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کریں اور اُن کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کریں ۔ محبوبہ مفتی نے ضلع میں موسمِ سرما کے استعمال کیلئے ایک ٹرانسفارمر بنک قایم کرنے کیلئے 25 لاکھ روپے واگذار کرنے کی ہدایات دیں ۔ وزیر اعلیٰ نے قومی شاہراہ پر حادثات کی بڑھتی شرح کے پیش نظر بانہال ہسپتال میں ایک بلڈ بنک قایم کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ایک چھوٹا آئی سی یو قایم کرنے کے امکانات کا بھی جائیزہ لیا جانا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ بعد میں بانہال کی طرف روانہ ہوئیں جہاں وہ لوگوں سے ملیں گی اور اُن کی مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گی ۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور پلاننگ محکمہ کے سینئر افسران ، ڈویژنل کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری ، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی ایس جموال ، مختلف محکموں کے سربراہان ، انجینئرنگ ونگوں کے سربراہان ، ضلع ترقیاتی کمشنر طارق گنائی اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ نے عوام کے ساتھ رابطے کی مہم کے تحت پلوامہ، کپواڑہ اور بڈگام میں عوامی درباروں کا انعقاد کر کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ دریں اثناء وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی طرف سے رام بن اور بانہال کے دورے کے پیش نظر جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی اور گاڑیوں کو کئی مقامات پر روک کر آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔