گاندربل //صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اُن پروجیکٹوں اور ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تما م وسائل بروئے کار لائیں جن کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گذشتہ ماہ ضلع گاندربل کے دورے کے دوران ہدایات دی تھیں۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا اور مختلف محکموں کے آفیسران اور انجینئروں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران پروجیکٹوں اور ترقیاتی کاموںکی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے ایک الگ اور آزاد نگراں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جو کہ کاموں کا معیار اورشفافیت کو یقینی بنائے گی۔صوبائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ 205یقین دہائیوں اورفیصلوںکی پیش رفت کا الگ الگ جائزہ لیا۔انہوںنے ہر کام کے سلسلے میںہدایات جاری کیں اور کاموںکی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کے سلسلے میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گااورسرکار اس سلسلے میں سخت اقدامات کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ کاموںکی زمینی سطح پر تکمیل کے لئے آفیسران کو جانفشانی اور لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔اس سے قبل ترقیاتی کمشنر گاندربل نے صوبائی کمشنر کو ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے کاموں اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی طرف سے 581.50لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں جس میں سے 305.50لاکھ روپے کی واگذار کیا گیا ہے۔