سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریاست سے متعلق چند اہم معاملات کے بارے میں گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔یہ میٹنگ سرینگر ہوائی اڈے کے نزدیک بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر پر فدائین حملہ کے پس منظر میں منعقد ہوئی جس میں تین ملی ٹینٹ اور ایک بی ایس ایف جوان ہلاک ہوا۔گورنر نے وزیر اعلیٰ کو صلاح دی کہ وہ تمام سیکورٹی فورسز کے سربراہوں کے ساتھ فوری میٹنگ منعقد کریںتا کہ ریاست میں سیکورٹی فورسز کے اسٹیبلش منٹس کے بارے میں ایک معیاد بند سیکورٹی آڈٹ کا انتظام کیا جاسکے۔گورنر نے مزید کہا کہ انہوں نے ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید کے ساتھ حملہ کی خبر ملتے ہی اس معاملے پر بات چیت کی ۔گورنر اور وزیر اعلیٰ نے کئی دیگر معاملات پر بھی غور خوض کیا جن میں تمام ترقیاتی و بہبودی پروگراموں کی عمل آوری کو معیاد بند طریقے سے مکمل کرنے کے سلسلے میں تمام محکموں کے سرابراہوں اور انتظامی سیکرٹریوں کو اپنی کاوشوں میں مزید تیزی لانے پر زور دینا شامل ہے۔اس کے علاوہ اگلے چھ ماہ کے لئے ورکس پروگرام ترتیب دینا جن میں دیہی و شہری لوکل سیلف گورننگ باڈیز کے انتخابات شامل ہیں، پر بھی بات چیت ہوئی۔گورنر نے رشوت ستانی میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے اور عوامی خدمات میں بہتری لانے کو یقینی بنانے کے لئے لازمی اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔گورنر اور وزیر اعلیٰ نے جھیل ڈل کی صفائی اور ریاست میں کچھ سیاسی معاملات پر بھی غور وخوض کیا۔