کنڈ (دیوسر)//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جوکل کنڈ دیوسر علاقے کے ایک روزہ دورے پر تھیں نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے مشہور برازلو پل کا سنگ بنیاد رکھا جسے اگلے تین برسوں کے دوران 28.64کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔378میٹر لمبے پل کے نو حصے ہوں گے اور ا س کی چوڑائی 16میٹر ہوگی ۔ محبوبہ مفتی نے وانپور ہ ۔ شمسی پور ہ میں 6.83کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 80میٹر لمبے پل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس اہم پروجیکٹ کی بدولت سرینگر۔ شوپیاں ۔ قاضی گنڈ شاہراہ کی کشادگی کا کام بھی شروع ہوا ہے جس پر 1800کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔محبوبہ مفتی نے نگریس گائوں میں ٹی ایف پی کے تحت ماڈل ولیج کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس سے علاقے کے تین ہزار نفوس مستفید ہوں گے ۔ 10کروڑ روپے کی لاگت والے اس پروجیکٹ کو تین برسوں کے اندر اندر مکمل کیا جاے گا۔وزیر اعلیٰ نے 100بستروں پر مشتمل گجر و بکروال ہوسٹل کا بھی سنگ بنیاد رکھا جسے اگلے برس کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ 47کنال اراضی پر محیط اس ہوسٹل کو 6کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ محبوبہ مفتی نے کنڈ میں 4.71کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی آئی ٹی آئی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ 20کنال اراضی پر محیط اس آئی ٹی آئی میں 8سے10 شعبوں کی ترقی دی جائے گی جہاں پر روزگار کی پلیسمنٹ کی بھی سہولیات دستیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی آفس کولگام میں ایک کانفرنس ہال کا بھی سنگ بنیادرکھا جسے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے اسی سال مکمل کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر افسروں کے ساتھ استفسار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ پروجیکٹوں کے لئے مقرر کی گئی حد بندیوں کا خاص خیال رکھا جانا چاہیئے تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر، خوراک و سول سپلائز کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے ، ایم ایل اے ہوم شالی بُگ عبدالمجید لارمی، سابق ڈپٹی سپیکر و نائب صدرپی ڈی پی محمد سرتاج مدنی ، آئی جی پی کشمیر زون ایس پی پانی ، ڈپٹی کمشنر کولگام طلعت پرویز اور کئی محکموں کے سربراہان و سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔