سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرینگر اور جموں شہروں کو کمپرزیڈ نیچرل گیس (سی این جی) شہر قرار دینے پر زور دیتے ہوئے بھٹھنڈہ جموں۔ سرینگر گیس پائپ لائن کے کام میں سرعت لانے اور ریاست کو فراہم کئے جانے والے رعایتی تیل خاکہ کے کوٹا میں اضافہ کرنے کی مانگ کی۔پیٹرولیم کے مرکزی وزیر دھر میندر پر دھان، جو اپنی وزارت کے ساتھ جڑے پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے 20 ممبران کے ہمراہ آج کل وادی میں ہیں ،کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں سی این جی کے استعمال کے کامیاب نتائج کو دیکھ کر اس کو اب جموں وکشمیر میں بھی استعمال میںلایا جانا چاہئے اور اس کی یہاں ضرورت بھی ہے۔ پیٹرولیم کے وزیر نے سرینگر اور جموں شہروں کو سی این جی شہروں کی فہرست میںشامل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے اپنی وزارت کو ہدایت دی ۔ انہوں نے ریاست کو رعایتی تیل خاکی اضافی کوٹا فراہم کرنے کی بھی وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی۔اننت ناگ ، راجوری اور کرگل میں آئیل ڈیپو اور بوٹلنگ پلانٹ قائم کرنے کی مانگ کے ردِّعمل میں مرکزی وزیر نے اپنی وزارت کو اس مقصد کیلئے زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سرینگراو رجموں کے نوجوانوں کی ’’ آن کیمپس تقرری ‘‘ کے مطالبے کے ردِّعمل میں پیٹرولیم کے مرکزی وزیرنے تمام آئیل پی ایس یوز کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے دنوں میں سرینگر اور جموں میں ایک مخصوص ریکروٹمنٹ ریلی کا انعقاد کریں۔ اس دوران ریاستی وزیر اعلیٰ نے ریاست کے ان تمام علاقوں میں نئی گیس ایجنسیاں اور پیٹرول پمپ قائم کرنے کامطالبہ کیا جو ابھی تک اس سہولیت سے محروم ہیں ۔ میندر پردھان نے اس مطالبے پر غور کرنے کا یقین دِلایا۔مرکزی وزیر نے ریاست میں پوٹیبل پیٹرول پمپ قائم کرنے کے مطالبے پر بھی مثبت ردِّعمل ظاہر کیا۔وزیر اعلیٰ نے عوامی سلامتی کے پیش نظر جموں اور لیہہ شہروں سے پیٹرول پمپ دور دراز علاقوں میںمنتقل کرنے کی بھی مانگ کی جس کیلئے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔مرکزی وزیر نے اس سلسلے میں موقعہ پر ہی ضروری ہدایات دیں۔ا س موقعہ پر ارکانِ پارلیمان مظفر حسین بیگ اور نذیر احمدلاوے کے علاوہ کئی دیگر ارکان پارلیمان ، مشاورتی کمیٹی کے ممبران ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ناظم خوراک اور دیگر افسران موجود تھے۔