نئی دہلی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو نئی دہلی میں ہیں، نے ریلوے کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے جموںبارہمو لہ ریل لائین کے کٹرہ۔ بانہال سیکشن کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیاتا کہ ریاست کو تمام موسموں میں عبور مرور کی سہولت دستیاب ہوسکے۔وزیر اعلیٰ نے ریل لائن کو کشمیر میں کپوارہ اور جموں صوبہ میں راجوری او ر پونچھ تک وسعت دینے کا بھی معاملہ وزیر کے سامنے رکھا۔مرکزی وزیر نے ریلوے وزارت کو کٹرہ۔ بانہال سیکشن کی تکمیل کی تاریخ کا جائیزہ لینے اور اسے تھوڑا آگے لانے کی موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔پیوش گوئل نے ریل رابطے کو کپوارہ اور پونچھ و راجوری تک بڑھانے کی وزیر اعلیٰ کی مانگ سے اصولی طور اتفاق کیا اور وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ اس حوالے سے ابتدائی سروے مکمل کیا گیا ہے اور پروجیکٹ کی فنڈنگ کا جائیزہ لیا جارہا ہے۔ریلوے لائن کو کپوارہ اور پیر پنچال علاقوں تک بڑھانے کا مطالبہ وزیر اعلیٰ کے ان علاقوں کے دورے کے دوران سامنے آتا رہا ہے۔مرکزی وزیر نے یہ بھی یقین دلایا کہ ریلوے جموں سے ملک کے دیگر حصوں تک ریاستی میوؤں کو لے جانے کے لئے کولڈ سٹور کنٹرینرس بھی چلائے گی۔ اس موقعہ پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیکریٹری باغبانی اس معاملے کو ریلوے وزارت کے ساتھ اُٹھائیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک سیاحتی ریاست ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں راغب کرنے کے لئے ممبئی، کولکتہ اور احمد آباد سے مزید ریل گاڑیاں چلائی جا نی چاہئیں۔ مرکزی وزیر نے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ سیاحوں کے رش کو مد نظر رکھتے ہوئے ریلوے نے کولکتہ سے جموں تک ہم سفر نامی ایک ہفتہ وار ریل سروس پہلے ہی شروع کی ہے۔پیوش گوئل نے محبوبہ مفتی کو یقین دلایا کہ اُن کی وزارت ریاست جموں وکشمیر میں سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے لئے بھرپور تعاون دے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ایک خصوصی طور ڈیزائن کی گئی ریل گاڑی جموں سے کٹرہ تک جلدچلائی جائے گی جبکہ اسی طرح کی ٹرین اگلے موسم بہار میں کشمیر میں متعارف کی جائے گی۔محبوبہ مفتی نے ارکان کی طرف سے مقامی لوگوں کو روز گار دلانے ، نائینہ بٹہ پورہ میں ایک ہالٹ سٹیشن قائم کرنے ، بانہال۔ بارہ مولہ ریل لائن کے دیگر ہالٹ سٹیشنوں کے کام میں تیزی لانے اور بانہال میں سٹیڈیم تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی دوبارہ منتقلی جیسے کئی اہم معاملات مرکزی وزیر کی نوٹس میں لائے۔مرکزی وزیر نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ اُن کی وزارت وزیر اعلیٰ کی طرف سے ابھارے گئے معاملات کے حوالے سے ایک مثبت اور جامع لائحہ عمل اختیار کرے گی۔