عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پہلگام ملی ٹینٹ حملے میں جاں بحق ہونے والے مقامی نوجوان مرکبان سید عادل حسین شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔زیر اعلیٰ نے ہاپت ناڑ علاقے میں مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔عمر عبداللہ نے اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘شاید مقتول نوجوان نے ملی ٹینٹوں کو روکنے کی کوشش کی، یا ان میں سے کسی کی بندوق چھیننے کی کوشش کی، اسی لیے وہ ان کا نشانہ بن گیا۔’انہوں نے کہا، ‘ہمیں اس کے خاندان کا خیال رکھنا ہوگا اور ان کی مدد کرنی ہوگی، میں یہاں اسی لیے آیا ہوں کہ انہیں یقین دلا سکوں کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔’واضح رہے کہ سید عادل حسین منگل کو پیش آئے دہشت گردانہ حملے میں واحد مقامی شخص تھا جو جان کی بازی ہار گیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مقامی انتظامیہ کو مقتول کے خاندان کی فوری امداد اور بحالی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔