عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عدبداللہ نے شدید بارشوں کے پیش نظر تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ کئی رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے اور ندیاں اور نالے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔انہوں نے محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال اور ذمہ دار رہیں۔وزیر اعلی کا دفتر بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے لائن ڈپارٹمنٹس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ محکمہ ٹریفک نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ اور سرینگر لیہہ قومی شاہراہ شدید بارش کے باوجود ٹریفک کے لیے کھلی ہے، جب کہ جموں کے پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر کے شوپیان سے ملانے والی مغل روڈ اور کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کو جموں کے مختلف اضلاع سے جوڑنے والی سنتھن سڑک بند ہے۔