سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کل زبرون پہاڑی پر محکمہ جنگلات کی شجر کاری مہم کا اغاز کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ایک پودا لگا کر رسمی طور مہم کا آغاز کیا اور اس مہم کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات دیں ۔ تقریب پر جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے شجر کاری مہم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی ۔ اس سال زبرون شنکر آچاریہ رینج میں مختلف اقسام کے 2.5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور یہ مہم ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے نام وقف کی گئی کیونکہ وہ ریاست میں قدرتی وسائل کو تحفظ دینے میں کافی دلچسپی رکھتے تھے ۔ اپنے خطاب میں محبوبہ مفتی نے پروگرام کی شروعات کرنے کیلئے محکمہ جنگلات کی ستایش کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری جموں کشمیر جیسی ریاست کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہاں زندگی کا انحصار کافی حد تک پیڑ پودوں اور حیاتیاتی تنوع پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سیاحتی اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے لہذا یہاں کے سبزازار کو برقرار رکھنا اور بھی لازمی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ کو صلاح دی کہ وہ شجر کاری مہم کو ایک عوامی تحریک بنا کر سکولی بچوں اور سماج کے دیگر طبقوں کو بھی اس کام میں شامل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کنبے کی طرف سے اُن کے جہاں بچہ پیدا ہونے پر ایک پودا لگایا جانا چاہیے تا کہ اس پروگرام میں عام لوگوں کی شراکت داری بڑھ سکے ۔ مھبوبہ مفتی نے کہا کہ اُن کیلئے یہ خوشی کا موقعہ ہے کہ وُلر کنزرویشن پروجیکٹ جسے عنقریب عملایا جائے گا کی بدولت اس شہرہ آفاق جھیل کے ماحولیات کو تحفظ ہو گا اور اس پروجیکٹ کی بدولت دریائے جہلم کی پانی سمانے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا ۔ اپنے خطاب میں جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ ریاست بھر میں ایک بڑی شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے۔اس موقعہ پر جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے بھی خطاب کیا ۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس اے کے سنگھ کے علاوہ جنگلات محکمہ کے اعلیٰ افسران اور دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔ تقریب پر وزیر اعلیٰ نے فارسٹ پروٹیکشن فورس کے کئی جوانوں کی اُن کی بے لوث خدمات کیلئے عزت افزائی کی ۔