جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں یہاں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹرس کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ جس میں ریاست کی مجموعی سلامتیبشمول سرحدوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے میٹنگ کے دوران شہری ہلاکتوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایات دیں کہ وہ جنگجوئوں کے خلاف آپریشنوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کی حفاظت و یقینی بنائیں کیونکہ ایک ایسا واقعہ بھی صورتحال بگڑنے کا موجب بنتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس بات کا بھی سخت نوٹس لیا کہ مظاہرین کے خلاف بعض واقعات میں پیلٹ کا استعمال بھی کیا جارہا ہے جس سے ریاستی حکومت کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران پنچایتی چنائو کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے آج سے ہی حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ ایسے عناصر کو کوئی رخنہ ڈالنے کا موقعہ فراہم نہ ہوسکے جو اس جمہوری عمل کو سبو تاژ کرنے کی کوشش میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے حفاظتی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ مختلف صورتحالوں سے نمٹتے وقت زیادہ سے زیادہ حد تک انسانی طرزِ عمل اختیار کریں۔انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں سے کہاکہ وہ انتہائی صبر و تحمل سے کام لے کر عوام کے مال و جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔نوجوانوں کی گھرواپسی اور انہوں جنگجویت میں شامل ہونے سے باز رکھنے کیلئے محبوبہ مفتی نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ استفسار کا عمل شروع کیا جائے تاکہ وہ سماج کی فلاح و بہبود میں اپنا رول ادا کرسکیں۔انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ کی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور انتظامیہ کی طرف سے رابطے کو وسعت دینے کی ضرورت کو بھی اُجاگرکیا۔وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا کہ حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں عوامی سطح پر اسکی پذیرائی ممکن بنانے کا رول انہیں نبھانا ہے اور انکی طرف سے بہتر پولیسنگ سے صورتحال میں مزید بہتری آسکتی ہے اور حکومت کا کام آسان ہوگا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، شمالی کمانڈ کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل دیو راج امبو ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل،نویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل وائی وی کے منن ،چودہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ایس کے اوپادھائے، پندرہویں کو رکے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل جے ایس ساندھو ، سولہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل سرنجیت سنگھ، ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، اے ڈی جی پی، اے جی میر اور منیر احمد خان، اے ڈی جی پی سی آر پی ایف ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے علاوہ بی ایس ایف ، سی آر پی ایف کے افسروں نے بھی شرکت کی۔