سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادی میں پچھلے دو روز جاری مسلسل بارش اور برف سے پیدا شدہ صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر کرنے کے لئے فوری طور سے ایک یونیفائیڈ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سرینگر میں افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے کئے جارہے اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوںنے ہدایت دی کہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسروں کو کنٹرول روم میں تعینا ت کیا جانا چاہئے تاکہ ابھرتی ہوئی صورتحال سے جامع او رمشترکہ طریقے سے نمٹاجاسکے۔انہوں نے سیلاب کے خطرات سے دوچار علاقوں کے لئے ہنگامی منصوبے مرتب کرنے اور نزدیک میں عمارا ت دستیاب کرانے کی بھی ہدایات دیں تاکہ انہیں ایمرجنسی کی حالت میں استعمال میں لایا جاسکے۔وزیرا علیٰ نے فلڈ کنٹرول محکمہ کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تمام افرادی قوت اور مشینری کو اُن دریائوں اور ندی نالوں کے کناروں کی گشت پر مامو ر کریںجہاں ماضی میں باندھ ٹوٹے ہوں یا پھر باندھ ٹوٹنے کا خطرہ لاحق ہو۔ انہوںنے خاص طور سے ان مقامات کی پیٹرولنگ پر زور دیا جہاں 2014ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران پانی گھس آیا تھا۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ کی طرف سے شہر کے مختلف مقاما ت پر ریت سے بھرے 60,000تھیلے تیار رکھے گئے ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر دریائوں کے کناروں پر زیادہ پانی کو روکنے کے لئے استعمال میں لایاجائے گا۔محبوبہ مفتی نے معقول تعداد میں کشتیوں کا انتظام کرنے اور انہیں حساس مقاما ت پر کام پر لگانے کی ہدایت دی تاکہ لوگ سیلابی صورتحال کے دوران باہر نکلنے کے لئے ان کا استعمال کرسکیں۔محبوبہ مفتی نے ایس ایم سی حکام کو بھی ہدایت دی کہ وہ پانی کی زد میں آئے تمام علاقوں میں نکاسی آب کی مشینوں کو کام پر لگائیں اور جمع شدہ پانی کو جلد از جلد باہر نکالنے کی ہرممکن کوشش کی جانی چاہئے۔ انہوں نے پی ڈی ڈی حکام سے کہا کہ وہ ان پمپوں کے لئے رات دِن بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وادی کی تمام بڑی اور اہم سڑکیں قابل آمد رفت رہیں اور کوئی بھی سڑک پیڑ گر جانے یا کسی دوسری رکاوٹ کے باعث بند نہیں ہونی چاہئے۔انہوںنے خاص طور سے ٹنگمرگ ۔گلمرگ اور سنگرامہ ۔ بارہمولہ سڑک کو صاف کرنے کی ہدایت دی ۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ نے شہر سرینگر کے 20مقامات پر جمع شدہ پانی کو نکالنے کے لئے آگ بجھانے والی 16گاڑیوں اور 6پمپوں کو کام پر لگایا ہے۔