جموں //جموں میں حالیہ ڈرون حملوں کے تناظر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سوسائٹی کے ممبروں کے ساتھ عوامی حفاظت ، تیاری کی حالت اور ان اہم اوقات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرسکون اور چوکس رہیں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہ اور معلومات کے تصدیق شدہ اور سرکاری ذرایع پر مکمل طور پر انحصار کریں ۔ وزیر ستیش کمار شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ایس ایس پی جموں ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر جموں ، ڈائریکٹر فوڈ ، سول سپلائیز اور کنزیومر افئیرز جموں ، علاقائی ٹرانسپورٹ آفیسر جموں اور پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ موثر مواصلات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اقدامات کا ایک مجموعہ بیان کیا جس کا مقصد عوامی آگاہی کو بڑھانا اور پورے خطے میں ہنگامی ردِ عمل کے طریقہ کار کو مستحکم کرنا ہے ۔ انہوں نے ایمر جنسی الرٹ سائرنز اور سگنلز کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں محکمہ ٹریفک کے کردار پر بھی زور دیا ۔ اس دوران بتایا گیا کہ ضروری اجناس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سپلائی چین کو برقرار رکھ رہی ہے اور قیمتوں کو منظم کر رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا اور برادری کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ امن اور اتحاد کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہسپتالوں اور بنیادی صحت کے مراکز کو ہنگامی صورتحال کیلئے مکمل طور پر تیار رکھیں ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سوسائٹی کے ممبروں کی شرکت اور مدد کیلئے اظہار تشکر کرتے ہوئے اجلاس کا اختتام کیا اور ہر شہری کی حفاظت کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ شرکاء نے تناؤ کی وقت اس طرح کے باہمی تعامل کیلئے وزیر اعلیٰ کی تعریف کی ۔