جموں//ریاستی حکومت نے فائنانشل ایکسپریس کے ویب ایڈیشن کی طرف سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ منسوب کئے گئے بیان کی سختی سے تردید کی ہے جس میں ایک نوجوان کو بڈگام خطے میں مبینہ طور حفاظتی عملے کی گاڑی سے باندھنے کی بات کہی گئی ہے ۔ سرکاری ترجمان نے اسے انتہائی بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس طرح کے معروف اخبار کی طرف سے غیر اخلاقی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے کہ اس نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ وہ باتیں منسوب کیں جو انہوں نے کہی ہی نہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ انٹر نیٹ پر یہ خبر پھیلنے کے فوراً بعد ہی یہ معاملہ ناظم اطلاعات ڈاکٹر شاہد قبال چودھری نے فائنانشل ایکسپریس کے مدیر کے ساتھ اٹھایا اور حیرانگی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ اخبار کے مدیر وزیر اعلیٰ کے ساتھ منسوب کئے گئے غیر مناسب بیان سے متعلق حقایق کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ۔۔ ترجمان نے اس بڑی غلطی کیلئے اخبار کے مدیر کی طرف سے بلا شرط معافی طلب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اس معاملے پر قانونی کاروائی کرے گی ۔