سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے محبوس سربراہ مسرت عالم بٹ کے متعلق پنا جی گوا میں انڈین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’’انڈیا آئیڈیاز کانکلیو2017 ‘‘ میںوزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان کو’ سیاسی بے بسی‘ قرار دینے کے ساتھ ساتھ اسے جموں کشمیر ہائی کورٹ اور اس کی نچلی عدالتوں کی اہمیت و افادیت اور رول کی توہین سے تعبیر کیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محبوبہ مفتی سے پوچھا جاسکتا ہے کہ جن اداروںیا عدالتوں کی اہمیت و افادیت آپ گوا میں سمجھانے کی کوشش کر رہی تھیں اورجس مسرت عالم بٹ کا نام لے کر آپ نے عدالتی احکامات کو نظرانداز نہ کرنے کی دہائی دی اُسی مسرت عالم پر آپ کے جمہوری دور میں 36مرتبہ پی ایس اے عائد کیا گیا اور ہر مرتبہ عدالتوں نے کالعدم قرار دے کر مسرت عالم کی رہائی کے احکامات صادر کئے لیکن پھر بھی انھیں پچھلے بارہ برسوں سے مسلسل نظربند رکھا گیا ہے۔