سرینگر //سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ اُنہوں نے مقامی صنعت کاروں کی جانب سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ کے لئے سرکار کا تعاون طلب کیا۔ انہوں نے تمام ضلعی صنعتی مراکز کو انسانی اور موادی وسائل سے لیس کرنے، ایس ایف سی پیکیج پر نظر ثانی اور صنعتی اکائیوں کو فراہم کی جانے والی بجلی میں معقولیت لانے کی بھی مانگ کی۔اچھہ بل سے آئے وفد نے بلدیاتی سہولیات میں بہتری اور علاقے میں ایک میرج ہال کے تعمیر کا مطالبہ کیا۔ بجبہاڑہ سے آئے وفد نے سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور ٹراما ہسپتال کی فوری تکمیل کا مطالبہ کیا۔گاندربل سے آئے نوجوانو ں کے ایک وفد نے ریاست میں جاری ترقیاتی عمل میں نوجوان طبقے کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔رہبر تعلیم اساتذہ اور تکنیکی تعلیم کے ایڈہاک ملازمین نے اُن کی نوکریوں کی مستقلی کی مانگ کی۔ایل او سی آر پار تجارت سے جڑے تاجروں نے ٹی ایف سی سلا م آباد میں تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا۔اشاجی پورہ اننت ناگ کے ایک وفد نے اُن کے حق میں سیلاب ریلیف کی بقایا رقم واگزار کرائے جانے کی مانگ کی۔اننت ناگ ، شوپیاں ، بڈگام اور کولگا م سے آئے کئی عوامی وفود نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں اپنے روزمرہ کے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کے مطالبات اور مسائل غور سے سننے کے بعد ان پر موزون کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔