عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کل تاریخی مغل باغ شالیمار کا دورہ کیا تاکہ جاری تحفظاتی کاموں کا معائینہ کر سکیں جو جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے تحت انجام دئیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کام کی رفتار کو تیز کرنے اور ورثے کے تحفظ کے جوہر کو برقرار رکھتے ہوئے تمام زیر اِلتوا ٔکاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ کشمیر کے چھ مغل باغات بشمول شالیمار باغ اس وقت یونیسکو کی ممکنہ عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہیں۔ محکمہ فلوری کلچر ان تاریخی باغات کی اصل حالت ، صداقت اور ثقافتی سا لمیت کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کے لئے بحالی اور تحفظ کے کام کر رہا ہے۔اِس وقت جاری تحفظاتی کاموں میں ڈھانچہ جاتی بحالی، زمین کی خوبصورتی میں اضافہ، تاریخی طرز تعمیر کے عناصر کا تحفظ اور سیاحوں کی سہولیات کو بہتر بنانا شامل ہے اور یہ سب باغ کے تاریخی حسن سے ہم آہنگ ہو کر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے محکمہ اور جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور ورثے کے مستقل تحفظ پر زور دیا۔