کولگام// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو کہ ضلع کولگام کے ایک روزہ دورے پر ہیں ، نے 57 کروڑ روپے کی مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کو شروع کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بہی باغ میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے دس ایم وی اے رسیونگ سٹیشن کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے 6.30 ایم وی اے کلم کا بھی آن لائن افتتاح کیا ۔ 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ان دو رسیونگ سٹیشنوں سے علاقے کی 9 بستیوں کو بجلی کی بہتر سہولیات سے مستفید ہوں گے ۔ ان رسیونگ سٹیشنوں کے قیام سے شوپیاں ضلع کے کئی علاقوں سمیت 40 سے 50 دیہات بلواسطہ مستفید ہوں گے ۔ محبوبہ مفتی نے تنگام ٹینگبل واٹر سپلائی سکیم کا بھی افتتاح کیا ۔ ایک ملین گیلن یومیہ صلاحیت رکھنے والی اس واٹر سپلائی سکیم پر 14.22 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ۔ سکیم سے علاقے کے 32 ہزار نفوس کو اگلے 30 برسوں کیلئے پینے کے پانی کی سہولیت دستیاب رہے گی ۔ ادجان میں وزیر اعلیٰ نے ویشو نالے پر 484 میٹر ملٹی سپین ادجان ۔ دمہال پُل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ واضح رہے کہ نئے پُل کی تعمیر سے علاقے کے 32 دیہات کیلئے رابطہ سہولیت دستیاب ہو گی ۔ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ پُل دو سال کی مدت میں مکمل ہو گا ۔ بعد میں دمہال میں وزیر اعلیٰ نے 45 میٹر اضافی سپین والے دمہال لائیسو سڑک پر بنے پُل کا بھی افتتاح کیا ۔ 2.80 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے پُل سے 27 دیہات کے 30 ہزار نفوس کیلئے بہتر رابطہ سہولیت دستیاب رہے گی ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو مقررہ مدت سے قبل ہی مکمل کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے پوہلو۔ دمہال اور دیگر سڑکوں کو بہتر بنانے کا بھی اعلان کیا ۔ دورے کے آخیر میں محبوبہ مفتی استھل گئیں یہاں انہوں نے چلن استھل سڑک پر 3X40 میٹر سپین سٹیل گرڈر پُل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ پُل جو 2019 میں مکمل ہونے کی توقع ہے سے 4 دیہات کے دس ہزار لوگ مستفید ہوں گے ۔