بارہمولہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بارہمولہ قصبے کے گلی کوچوں اور چوراہوں کی روشن کاری کے لئے 20لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ محبوبہ مفتی نے بوائز ڈگری کالج سے کرالہ ہار تک ایک ڈرین کی تعمیر کے لئے 20لاکھ روپے اور قصبے میں بچوں کے لئے ایک پارک قائم کرنے کے لئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جانباز پورہ کے جہلم سپورٹس سٹیڈیم میں سہولیات کی بہتری کے لئے 15لاکھ روپے واگزار کئے ۔وزیر اعلیٰ نے قصبے میں فلڈ چینلوں کی صفائی کی ہدایت دیتے ہوئے اس مقصد کے لئے 50لاکھ روپے واگزار کرائیں ۔ انہوں نے شیری میں موجود دو مدرسوں کی کمپیوٹرائزیشن اور انہیں جدیدیت سے ہمکنار کرانے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ضلع کو ترقیاتی منظرنامے میں بہتری لانے کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بارہمولہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں کئی ایک پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں جن میں نارہ بل سے آگے قومی شاہراہ کی کشادگی ، بارہمولہ سے اوڑی تک متبادل شاہراہ کی تعمیر ، دریائے جہلم پر دو پلوں کی تعمیر جیسے پروجیکٹ تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے سوپور کا دورہ کر کے وہاں امر گڈھ میں جموں وکشمیر بینک کے زونل آفس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا۔41کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس کمپلیکس میں جدید طرز کی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی جس میں کلسٹر آفس ، کرنسی چسٹ اور بینکنگ کی دیگر سہولیات شامل ہے۔علاوہ ازیں اس کمپلیکس میں 130 سیٹر کانفرنس ہال ، تربیت کے لئے کمرے اور عملے کے لئے اقامتی سہولیات دستیاب ہوں گی۔وزیرا علیٰ نے شمالی کشمیر میں اس طرح کی اعلیٰ معیار کی سہولیت قائم کرنے کے لئے بینک انتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ اس کی بدولت کاروبار اور کار خانہ داری کو فروغ حاصل ہوگا اور پورے خطے میں روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوں گے۔کئی ارکان قانون سازیہ ، چیئرمین جے کے بینک پرویز احمد ،ارشاد رسول کار، تاجر برداری کے لوگ اور کافی تعداد میں عام بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔