بارہمولہ// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کو بارہمولہ ضلع ہیڈکوارٹر پر عوامی دربار سجایا۔درجنوں وفود اور سینکڑوں لوگوں نے محبوبہ مفتی کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ریاستی وزیر مولوی عمران رضا انصاری ، ارکان قانون سازیہ جاوید حسین بیگ ، محمد عباس وانی ،یاور دلاور میر اورضلع صدر ارشاد رسول کار اس موقعہ پر موجود تھے۔گریٹر بارہمولہ فورم کے ایک وفد نے قصبے کی میونسپل حدود کو وسعت دلانے ، یوتھ ہوسٹل ، سوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے قیام، فٹ بال اکیڈیمی اشکورہ پر جاری کام میں سرعت لانے ،قصبے میں پینے کے پانی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے ایک سکیم ترتیب دینے ، بس ٹرمنل کی تعمیر ، قصبے کو فارسٹ سٹی قرار دینے اور قدیم ہسپتال کی عمارت کو مناسب طریقے سے استعما ل کرنے کا مطالبہ کیا۔ سول سوسائٹی ممبران کے دوسرے وفد نے بارہمولہ میڈیکل کالج پر جاری تعمیراتی کام میں سرعت لانے ، پارکنگ سلاٹس قائم کرنے اور قصبے کے مرکز پر ریسٹ روم تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے قصبے میں جہلم کے کناروں کو دیدہ ٔ ذیب بنانے ، ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے ،پارکوں کی مناسب رکھ رکھائو اورسرکیولر روڑ س کو معرض وجودمیںلانے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس کے لئے ایک خصوصی پیکیج اور بارہمولہ ڈگری کالج کو خود مختار درجہ دلانے ، اوڑی میں ایک خصوصی کالج برائے ارتھ سائنسز کے قیام یا کپواڑہ میں کالج فار میٹلرجی قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ قدیم قصبہ بارہمولہ کے باشندوں کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور علاقے میں ایک ہاوسنگ کالونی قائم کرنے ، باغ اسلام میں طبی مرکز کو 24گھنٹے چالو رکھنے کے علاوہ مرکزی قصبے میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے قصبے میں پاور کیبلوں میں بہتری لانے ، ڈرگ ڈی ایڈکشن ، پرانے قصبے کے فلڈ چینلوں کی صفائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ رفیع آباد کے متعدد وفود نے طبی مرکز کے قیام اور اچھہ بل میں کھیل کے میدان کے علاوہ سڑکوں کی کشادگی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ڈنگی وچی میڈیکل بلاک کے لئے ایک ایمبولنس کی فراہمی کی مانگ کی۔سوپور سے آئی ہوئی طالبات کی وفد وزیر اعلیٰ سے ملی اور مقامی لائبریری کو اَپ گریڈ کرنے ، علاقے میں سکوٹی سکیم کو توسیع دینے اور قصبے کے نوجوانوں کے لئے مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے کوچنگ کیمپ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان مطالبات کے مد نظر وزیر اعلیٰ نے موقعہ پر ہی سوپور لائبریری کے لئے کتابیں خریدنے کے سلسلے میں 10لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیااور انڈور سٹیڈیم کی تعمیر کے امکانات تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی۔قصبے کے ایک اور وفد نے قصبے میں نرسنگ کالج کے قیام ، پینے کے پانی کی سہولیت کو وسعت دینے اور قصبے میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کو قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایک اور وفد نے قصبے میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کا مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی اور لڑکوں اور لڑکیوں کے کالجوں کے لئے دو بسو ں کی فراہمی، دستیاب اراضی پر پبلک پارک کو ترقی دینے کا اعلان کیا۔ بونیارکے وفود نے تری کنجن میں جے اینڈ کے بینک کی شاخ قائم کرنے ، بیلا سے گبہ ور تک سڑک کو وسعت دینے ، تحصیل سوشل ویلفیئر آفس کے قیام کا، بونیار میں ایک فائر سٹیشن ، نوشہرہ میں دریائے جہلم پر فٹ برج کی تعمیر ، نوشہرہ میں جے کے بینک کی شاخ کھولنے اور علاقے میں آبپاشی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ایک وفد نے سکھ طبقے سے تعلق رکھنے والے امید واروں کو نوکریوں میں خصوصی رعایت دینے اور گوردوارہ چھٹی پادشاہی بارہمولہ کو جانے والی سڑک پر میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیا۔کانسپورہ بلائنڈ سکو ل کے طلاب کے ایک گروپ نے طلاب کے لئے سہولیات میں اضافہ کرنے کی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ اس مرکز کے لئے اپنی عمارت کے قیام کے معاملے کی نگرانی کریں۔ پٹن سے آئے ہوئے کئی وفود نے ٹراما ہسپتال پر جاری کام کو مکمل کرنے ، ٹریفک جامنگ کو کم کرنے ،سپیشل انجینئر نگ سب ڈویژن کے قیام اور اگلر وسن واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ تیلہ گام ، ٹاپر ، وینہ گام ، نہال پورہ ، برن اور سر پورہ علاقوں کے وفود نے علاقے کے میوہ باغات کی آبپاشی سہولیات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تیلہ گام ریسونگ سٹیشن کو چالو کرنے اور مقامی ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ ٹنگمرگ سے آئے ایک وفد نے فیروز پورہ نالے پر حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کے علاوہ بجلی کی فراہمی کو استحکام بخشنے اور علاقہ میں ایک گرلز کالج کے قیام کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے علاقے میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے لئے 15لاکھ روپے کی واگذار ی کی ہدایت دی۔کریری کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے علاقے کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔سنگرامہ اپر کنڈی کے ایک اور وفد نے علاقے میں پی ایچ سی دودھہ بگ کو استحکام بخشنے اور سلطان پورہ میں سکول کی اَپ گریڈیشن کے علاوہ بنگی بالا میں ایک کھیل کے میدان کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ کمل کوٹ اوڑی ، سنگرامہ ، ذہنپور، تجر شریف ، نوشہرہ ، نارواو و دیگر علاقو ں کے وفود وزیرا علیٰ سے ملے اور انہیں اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی۔وزیراعلیٰ نے دن بھر وفود کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات پر ہمدردی سے غور کرے گی۔کئی معاملات میں محبوبہ مفتی نے لوگوں کے شکایات کا ازالہ کرنے بر وقت ہدایات جاری کیں جس کی وفود نے کافی سراہنا کی۔وزیر اعلیٰ کل سوپور کے دورے کے دوران جموں وکشمیر بینک کے ایک کرنسی چسٹ کا افتتاح کرے گی اور لوگوں سے ملاقات کرنے کے دوران کے مسائل سے آگاہی حاصل کرے گی۔