سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے عوام سے تبادلہ خیال کر کے انہیں درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور متعلقہ عہدہ داروں کو تمام جاری کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔محبوبہ مفتی نے اننت ناگ میڈیکل کالج میں زیر تعمیر کاموں کے معائینے کے دوران پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ دیالگام میں 139 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار کئے جارہے 100طلباء کی گنجائش والے میڈیکل کالج کو اگلے سال کے آخر تک مکمل کئے جانے کی توقع ہے۔وزیر اعلیٰ نے تکیہ بہرام شاہ کے دورے کے دوران سٹیل پُل کے تعمیری کام کا جائزہ لیا۔ 300میٹر لمبے اس پُل کو رواں سال کے آخر تک 1.10کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جانے کی امید ہے۔محبوبہ مفتی نے اب تک مکمل کئے گئے کاموں کا معائینہ کر تے ہوئے پُل کی جلد تکمیل کے احکامات دئیے تاکہ نالے کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کو رابطہ سہولیات فراہم ہوسکیں۔وزیرا علیٰ نے پشوارہ میں زیر تعمیر پُل کا بھی دورہ کیا اور اسے فوری طور قابل کار بنانے کی ہدایت دی۔ وزیرا علیٰ سے پشوارہ میں کئی عوامی وفود نے ملاقات کر کے اُن کے علاقہ جات میں بلا خلل بجلی سپلائی اور مقامی نالہ کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کے لئے تحفظاتی اقدامات کرنے کی مانگ کی ۔انہوں نے بونہ نار میں کھیل میدان تعمیر کرنے کی بھی مانگ کی۔محبوبہ مفتی نے اننت ناگ بائی پاس روڑ کے دورے کے دوران کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے بائی پاس کا دورہ کر کے فوری طور اس کی میکڈامائزیشن کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ نے بنگہ ڈارہ میں1.82کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت والے زیر تعمیر پل کے کام کا بھی معائینہ کیا ۔انہوں نے پُل کی فوری تکمیل کے احکامات دئیے تاکہ مقامی لوگوں کو اس سے فائدہ مل سکے۔انہیں بتایا گیا کہ پل کو اگلے سال مارچ تک مکمل کیاجائے گا۔محبوبہ مفتی نے رنبیر پورہ کے دورے کے دوران رنبیر پورہ سے رام پورہ تک جاری میکڈامائزیشن کام کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔محبوبہ مفتی نے شیر باغ میں زیارت حضرت بابا حید ریشی ؒ ( ریش مول صاب) کا بھی دورہ کیا اور ریاست میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعا کی ۔انہوں نے زیارت گاہ میں موجود زائرین اور زیارت کی منیجنگ کمیٹی کے ممبران سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو زیارت گاہ اور اس کے متصل مسجد میں تجدید کاری کا کام شروع کرنے اور زائرین کے لئے بہتر سہولیات قائم کرنے کے احکامات دئیے۔وزیر اعلیٰ نے 2کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے پارک اور واٹر چینلوں پر جاری کام کا بھی معائینہ کیا اور ان کی بروقت تکمیل کی ہدایات دیں۔محبوبہ مفتی نے اندر ناگ مندر کا بھی دورہ کیا اور وہاں رہائش پذیر کشمیری پنڈت برادری کے ممبران سے تبادلہ خیال کیا۔