سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج گلمرگ میں پیش آئے درد ناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ حادثے میں وادی کی سیر پر آئے ہوئے ایک ہی کنبہ کے 4 افراد اور 3 مقامی نوجوان جانبحق ہو گئے جو کہ گلمرگ گنڈولہ کی سواری کر رہے تھے ۔ محبوبہ مفتی جو کہ بچاو¿ کارروائی کی بذات خود نگرانی کر رہی تھیں ، نے جانبحق ہوئے افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے اعلیٰ سطحی جانچ کا بھی حکم دیا ۔محبوبہ مفتی نے حادثے میں جانبحق ہوئے تین مقامی نوجوانوں کے غمزدہ کنبوں سے بھی دُکھ کا اظہار کیا ۔ حادثے کی خبر ملنے کے فوراً بعد ڈویژنل کمشنر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر بچاو¿ کارروائی کی نگرانی کی ۔ حادثے میں جانبحق ہوئے افراد کے جسدِ خاکی کو اُن کے گھر پہنچایا جا رہا ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔