جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے سرمائی راجدھانی میںکل کئی اہم پروجیکٹوں کی شروعات کی ۔وزیر اعلیٰ نے بڑی براہمناں انڈسٹریل اسٹیٹ میں 82.89 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت والے ای ڈی آئی کے جموں کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِسے چار برس میں مکمل کیا جائے گا اور اس میں نوجوان صنعت کاروں کے لئے تمام جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔اس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا موجود تھے۔محبوبہ مفتی نے ای ڈی آئی کے ڈائریکٹر کو کیمپس کے کام میں تیزی لانے اور ضلع سطحوں پر بھی ایسی سہولیات کے قیام کی گنجائش تلاش کر نے کے لئے کہا۔وزیر اعلیٰ نے جدید سہولیات سیلیس سڈکو کمپلیکس کابھی افتتاح کیا۔ اِسے 35.90 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اس میں سٹریٹ لائیٹنگ ، بہتر سڑک رابطے اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔محبوبہ مفتی نے سرکاری جوائنری ملوں کی فیکٹری اور شو روم کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جسے مارچ 2018ء کے اختتام تک تعمیر کیا جائے گا۔ فیکٹری پر 9کروڑ روپے جبکہ شو روم کی تعمیر پر 2.80 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر کئی صنعتی کار پوریشنوں کے نائب چیئرمین ،صنعت و حرفت محکمہ کے کمشنر سیکرٹری شیلندر کمار، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری ، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ، ڈپٹی کمشنر سانبہ شیتل نندا ،ڈائریکٹر ای ڈی آئی محمد اسماعیل پرے، کئی محکموں کے سربراہاں اور یونٹ ہولڈروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔بعدمیں وزیر اعلیٰ نے پیر کھو اور پنج تیرتھی میںکثیر سطحی پارکنگ سہولیات کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ اِن سہولیات پر مجموعی طور 45کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے اور اِن میں تقریباً 300 گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی جگہ ہوگی۔اِس موقعہ پر نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، وزیر مملکت پریا سیٹھی ، ممبر اسمبلی راجیش گپتا ، سینئر افسران اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیر اعلیٰ نے جموں شہر کے لئے انٹلی جنٹ ٹریفک سسٹم کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس سے شہر میں ٹریفک کی نقل و حمل میں معقولیت لانے میں کافی ملے گی۔