تمام رکاوٹیں دور کرنے اور بورڈ کا انتظامی ڈھانچہ بہتر بنانے کی ہدایت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے رکاوٹوں کو دور کرنے اور بروقت و شفاف بھرتی کے عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اتل ڈلو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری فائنانس، سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، سیکرٹری کوآپریٹیوز، سیکرٹری لاء ، چیئرپرسن جے کے ایس ایس بی اندو کنول چب اور دیگر سینئراَفسران نے شرکت کی۔چیئرپرسن جے کے ایس ایس بی نے 2019 سے اب تک کی بھرتی کی سرگرمیوں کی تفصیلی رِپورٹ پیش کی جس میں محکمہ وار اِشتہار شدہ اسامیوں، زیر اِلتوأ اور حتمی مراحل میں پہنچنے والی بھرتیوں کی تفصیلات شامل تھیں۔انہوں نے مختلف محکموں میں پیش رفت اور موجود چیلنجوں کو بھی اُجاگر کیا۔ میٹنگ کوبتایا گیا کہ بعض محکموں کی جانب سے بروقت اسامیوں کی تفصیل نہ بھیجنے اور بعض میں بھرتی کے قواعد کی تبدیلی کی ضرورت کی وجہ سے کئی اسامیاں تاحال مشتہر نہیں ہو سکیں۔بورڈ نے تجویز دی کہ مستقبل کے تمام بھرتی اِمتحانات سی سی ٹی وِی نگرانی میں لئے جائیں تاکہ شفافیت اور اِنصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں کلاس IV کی بھرتیوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیاجس کو تاخیر کا ایک اہم مسئلہ قرار دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ بھرتی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرے اور تمام رکاوٹوں کو دور کرے۔انہوں نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اس کے قانونی و اِنتظامی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکومت کی شفاف حکمرانی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ بھرتی کا عمل منصفانہ اور شفاف ہو، سرکاری اِداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے اور نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کئے جا سکیں۔