سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے درجنوں وفود ملاقی ہوئے اور انہیں ان کے روزمرہ کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ازالے کی مانگ کی۔بید کی لکڑی کے مصنوعات تیار کرنے والے تاجروں اور ڈیلروں کے ایک وفد نے اُن کے تیار کئے گئے مصنوعات پر جی ایس ٹی چارجز میں کمی کرنے کی مانگ کی ۔ جموں کے تاجروں پر مشتمل ایک اور وفد نے جی ایس ٹی میں مراعات کے لئے نقشِ راہ مرتب کرنے کی مانگ کی۔ نوجوان صنعت کاروں کے ایک وفد نے اپنی تجارتی سرگرمیوں کے لئے حکومت سے لازمی تعاون طلب کیا۔ ترال سے آئے وفد نے نارستان میں ٹورسٹ ہٹوں کی تعمیر ، ناگہ برن اور شکار گاہ کی ترقی اور داچھی گام کے بالائی علاقوں کو ترال کے ساتھ جوڑنے کی مانگ کی ۔اُنہوں نے علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و تجدیدکا مسئلہ بھی دوران میٹنگ اُٹھایا۔ ٹنگمرگ سے آئے وفد نے کلہ سرائے ۔گوناشورہ سڑک کی تعمیر و تجدید کی مانگ کے علاوہ چپورہ دیہات میں بینک کی شاخ کابھی مطالبہ کیا۔ چاڈورہ بار ایسو سی ایشن کے ارکان پر مشتمل وفد نے چاڈورہ میں کورٹ کمپلیکس تعمیر کرنے اور وہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج تعینات کرنے کی مانگ کی۔ فزیکل ایجوکیشن اساتذہ کے ایک وفد نے ان کے محکمہ میں پروموشن اسامیوں کو فوری طور پُر کرنے کی مانگ کی۔ سولنہ کے دکانداروں کے ایک وفد نے رام باغ فلائی اوور کی فوری تکمیل اور ان کے حق میں معقول معاوضہ واگزار کرنے کی مانگ کی۔بیروہ کے باشندگان پر مشتمل ایک وفد نے شاہ گنڈ ۔ بیروہ سڑک کی توسیع اور سنور کلی پورہ میں جدید سہویات سے آراستہ طبی مرکز قائم کرنے کی بھی مانگ کی ۔نان مائیگرنٹ کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد نے ان کے طبقے سے وابستہ نوجوان بے روزگاروں کے لئے روزگار پیکیج متعارف کرنے کی مانگ کی۔ لوپیڈ ایمپلائز کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور ان سے مختلف زمروں کی اسامیوں میں تنخواہوں میں تفاوت دُور کرنے ، میڈیکل الاﺅنس میں اضافہ اور یومیہ اُجرتوںپر نظرثانی کرنے کی مانگ کی۔ وچی پلوامہ سے آیا ایک وفد اور کے جی بی رضاکار بھی وزیرا علیٰ سے ملاقی ہوئے اور ان کے مسائل کے ازالہ کی مانگ کی۔ محبوبہ مفتی نے متعلقہ محکموں کو وفود کی مانگوں کا جائزہ مقررہ مدت کے اندر لینے کی ہدایت دی۔