سرینگر// وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حیدر پورہ میں صوبائی سطح کے سی ایمز سُپر50 کوچنگ پروگرام کا افتتاح کیا۔ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن نے اس پروگرام کا اہتمام چنار انٹرنیشنل اور اونتا غیر سرکاری اداروں کے اشتراک سے کیا ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس کوچنگ پروگرام کے لئے1263 طُلاب کا انتخاب سکریننگ ٹسٹ کے ذریعے عمل میں لایا گیا ہے اور اس سلسلے میں13 مراکز وادی بھر میں قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال کوچنگ مراکز کی تعداد دوگنی کی جائے گی۔وزیر نے کہا کہ مراکز کو چالو رکھنے کے لئے تجربہ کار عملہ، گرمی اور روشنی کا انتظام پہلے ہی عمل میں لای گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ مراکز میں جو اساتذہ بہتر نتائج سامنے لائیں گے، انہیں مناسب انعامات سے نوازاہ جائے گا۔اس موقعہ پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کہا کہ حالیہ لئے گئے میٹرک اور بارہویںکے امتحان کے نتائج کا اعلان دسمبر کے آخر تک کیا جائے گا۔ادھروزیر تعلیم نے ایس کے آئی سی سی میں ریاست کے اساتذہ کے لئے ایک تربیتی مینول بروئے تعلیم جاری کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ ہماری ریاست ایک مشکل دور سے گذر چکی ہے جس کا خمیازہ طُلاب کو بھی اُٹھانا پڑا ہے۔ لہذا وقت کی ضرورت تھی کہ ریاست میں امن تعلیم متعارف کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مُشکل حالات کے دوران اساتذہ برادری نے مثالی کام انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے اساتذہ کافی ذہین اور تعلیم یافتہ ہیں اور وہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں کلیدی رول ادا کررہے ہیں۔