نئی دہلی //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کے دوران کشمیر پر مذاکرات کار کی تقرری کے تناظر میں ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پروزیر اعظم اقتصادی پیکیج کی پیش رفت اور ریاست میں بیروزگاروں کو مزید ملازمتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات کے بعدمحبوبہ مفتی نے کہا کہ ریاست کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور تشدد بہت حد تک کم ہوا ہے۔ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ریاست کے چیف سیکریٹری بی بی ویاس اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید بھی موجود تھے۔دونوں لیڈران کے درمیان 15منٹ تک ون ٹو ون میٹنگ بھی ہوئی۔محبوبہ مفتی نے صبح11بجے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کی۔یہ ملاقات اس اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کہ یہ مرکز کی طرف سے کشمیر میں’’جامع مذاکرات‘‘ شروع کرنے کیلئے سابق آئی بی چیف دنیشور شرما کی بحیثیت مذاکرات کار تقرری کے بعد وزیر اعلیٰ کی راجناتھ سنگھ کے ساتھ پہلی ملاقات ہے۔ میٹنگ کے دوران خاص طور پر مذاکرات کار کی نامزدگی کے تناظر میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کا دائرہ وسیع تر کرتے ہوئے تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت عمل میں لائی جائے۔میٹنگ میں 2015میں وزیر اعظم کی طرف سے جموں کشمیر کودئے گئے 80ہزار کروڑ روپے کے اقتصادی پیکیج کی عمل آوری پر ہوئی پیشرفت کے بارے میںکئی اہم معاملات زیر بحث آئے ۔ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں تعلیم یافتہ بیروزگاروں کو روز گار فراہم کرنے کیلئے ملازمتیں فراہم کی جائینگی۔ریاست میں اس وقت قریب 10لاکھ نوجوان بیروزگار ہیں۔وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے’’ وزیر اعظم پیکیج کے تحت شروع کئے گئے پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کیلئے رقومات کی فراہمی میں تاخیر نہیں کی جائیگی، تاکہ ان پروجیکٹوں کیلئے درکار سڑکیں، صحت اور بجلی کی فراہمی میں تاخیر نہ ہونے پائے‘‘۔بیان میں مزید کہا گیا ’’ ان ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری میں سرعت لائی جائے جن سے کشمیری پنڈت مائیگرنٹوں کیلئے اضافی روزگار کے مواقع دستیاب ہوں‘‘۔بیان میں بتایا گیا کہ63بڑے پروجیکٹوںکیلئے 80ہزار کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے22ہزار کروڑ روپے واگذار کئے جاچکے ہیں۔میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں کے ساتھ مختصر گفتگو کی۔محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کار کی نامزدگی اور ریاست کی حفاظتی صورتحال اور کچھ ترقیاتی معاملات زیر بحث آئے۔ ۔وزیر اعلیٰ نے بتایا’’فنڈس واگزار کئے جارہے ہیں اور بہت سارے ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے، ریاست میں آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام پر بھی کام جاری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں واضح بہتری نظر آرہی ہے اور تشدد میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔