سرینگر// وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ریاست کے سرکردہ معالج ڈاکٹر نصیر احمد شاہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرکرہ معالج اور گورئمنٹ میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر سید نصیر احمد شاہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نصیر احمدکی وادی میں طبی تعلیم کے فروغ کے لئے ان کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے مرحوم کی اہلیہ ڈاکٹر گرجا دھر سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اللہ نے مرحوم کو گوناگوں صفات عطا کئے تھے۔پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی ۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور ڈاکٹر علی محمد متو نے بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے ڈاکٹر نصیر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ادھرممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور ، ایم ایل سی جاوید احمد مرچال ، سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمان ، سابق ایم ایل سی اے آر بڈھانہ ، سابق ڈی سی کپوارہ پیر یاسین شاہ ،بار ایسوسی ایشن کرناہ کے صدر قاضی محبوب الٰہی ،ایڈوکیٹ نسیم اکبر ، کانگریس لیڈر اور سابق ایس ایس پی علی اصغر خان کے علاوہ کرناہ سٹیزن کونسل کے محمد ایوب میر ،سیول سوسائٹی کرناہ کے پیر زادہ سراج الدین ، ٹیچر فورم کرناہ، رہبر تعلیم ٹیچر فورم کرناہ ، ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کرناہ ،لیکچرر فورم کرناہ اور پہاڑی کلچرل کلب ٹنگڈار نے تعزیت کا اظہارکیاہے ۔ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر (ڈاک) نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل اور معروف معالج ڈاکٹر سید نصیر احمد شاہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ڈاک کی جانب سے بدھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام ممبران نے حصہ لیا ۔ ڈاک صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے مرحوم کے لواحقین خاصکر اُن کی اہلیہ ڈاکٹر گرجا دھر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔