سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی 19مئی کو وادی کا دورہ کررہے ہیں جس دوران وہ یہاں سیکورٹی صورتحال کے علاوہ ریاست کے تینوں خطوں میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔اس سلسلے میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس کی سربراہی میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ذرائع نے وزیر اعظم کے دورہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موصوف وادی کے یک روزہ دورے پر 19مئی کو آرہے ہیں جس دوران وہ سرینگر میں گورنر این این ووہر، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت فوج اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگوں میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میںجموںاور سرینگر رنگ روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھنے کے علاوہ وہاں 40منٹ تک ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب بھی کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران موصوف زوجیلا ٹنل پر تعمیری کام کو ہری جھنڈی دکھانے ،پکال ڈل پائور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے، لیہہ میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کرنے کے علاوہ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل اینڈ سائنس ٹیکنالوجی جموں کے کنووکیشن سے خطاب بھی کریں گے۔ اس سلسلے میں سوموار کو سیول سیکرٹریٹ میںچیف سیکرٹری بی بی ویاس کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔