سری نگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوئی کل جماعتی میٹنگ کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے ” یہ پہلا قدم تھا کہ جموں وکشمیر میں کس طرح حالات بہتر بنائے جائیں اور ایک سیاسی دور شروع کیا جائے“۔
انہوں نے کہا ” میں نے میٹنگ میں واضح کر دیا کہ لوگوں میں عدم اعتماد پیدا ہوا ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے“۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی موجود تھے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہونے والے کل جماعتی میٹنگ میں واضح کیا کہ وعدہ خلافی کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگوں میں عدم اعتماد پیدا ہوا ہے جس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا”میں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم (جواہر لال نہرو) نے رائے شماری کا وعدہ کیا پھر وعدے کو وفا نہیں کیا، وزیر اعظم نرسمہا راو¿ نے اٹانومی کا وعدہ کیا وہ بھی نہیں دی گئی لوگوں میں عدم اعتماد پیدا ہوا ہے اس کو دور کرنے کی ضرورت ہے“۔